خیبر پختونخوا میں پلیسر گولڈ مائننگ سے متعلق ٹاسک فورس قائم کردی گئی

خیبر پختونخوا میں پلیسر گولڈ مائننگ سے متعلق ٹاسک فورس قائم کردی گئی، سیکریٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور ٹاسک فورس کے چیئرمین ہوں گے، محکمہ معدنیات، قانون، سمیت مختلف اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس پلیسر گولڈ مائننگ کے موجودہ قانونی ڈھانچے کا جائزہ لے گی، ٹاسک فورس خیبر پختونخوا کے لیے علیحدہ قانون کا مسودہ بھی تیار کرے گی۔
غیر قانونی کان کنی کی روک تھام اور مجاز کان کنی کے علاقوں کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی مرتب ہوگی، سونے کی کان کنی سے وابستہ افراد اور مشینری کی رجسٹریشن اور تصدیق کی جائے گی، سونے کی پیداوار اور نقل و حرکت کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام تجویز کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سونے کی ترسیل، ذخیرہ، خرید و فروخت اور آمدن کے شفاف نظام کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں گی، سونے کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ کی روک تھام بھی ٹاسک فورس کی ذمے داریوں میں شامل ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ