جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

آرٹ تھراپی ذہنی صحت کیلئے کس طرح کام کرتی ہے؟ نئی تحقیق میں ممکنہ اثرات سامنے آ گئے

تازہ ترین
آرٹ تھراپی ذہنی صحت کیلئے کس طرح کام کرتی ہے؟ نئی تحقیق میں ممکنہ اثرات سامنے آ گئے

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آرٹ تھراپی ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں کس طرح معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

جریدے نیچر مینٹل ہیلتھ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں آرٹ تھراپی کے ممکنہ مثبت اثرات کو سمجھنے کے لیے 5 بنیادی طریقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اس تحقیق کے مطابق تخلیقی خود اظہار، مجسمہ سازی، احساسات و خیالات کا اظہار، اظہار کے لیے علامتوں اور استعاروں کا استعمال اور دوسروں کے ساتھ باہمی تعلق و روابط وہ 5 باہم مربوط عوامل ہیں جن کے ذریعے آرٹ تھراپی نفسیاتی تبدیلی لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ورزش ہڈیوں کیلئے اتنی مؤثر نہیں جتنی عام طور پر سمجھی جاتی ہے: تحقیق

محققین کا کہنا ہے کہ آرٹ تھراپی کو اکثر فنونِ لطیفہ سے متعلق عمومی سرگرمیوں اور ذہنی سکون کے لیے اختیار کیے جانے والے تخلیقی مشاغل کے ساتھ الجھا کر رکھ دیا جاتا ہے، جس کے باعث اس کے طبی اور علاج میں مثبت کردار کا تعین کرنا اور اس حوالے سے موجود شواہد کا جائزہ لینا مشکل ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں پیش کیا گیا مجوزہ فریم ورک پیشہ ورانہ آرٹ تھراپی اور فنون پر مبنی عمومی سرگرمیوں کے درمیان فرق واضح کرنے کے ساتھ محققین کو یہ سمجھنے میں بھی مدد دے گا کہ تخلیقی عمل ذہنی صحت کے نتائج پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے۔

تحقیق کے مصنفین نے تجویز دی ہے کہ آرٹ تھراپی کے سیشنز کے دوران قابلِ مشاہدہ رویوں، جذباتی کیفیت اور باہمی تعلقات سے متعلق اشاریوں کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے۔

ان کے مطابق اس طریقہ کار سے مستقبل میں ہونے والی تحقیق کو مزید مؤثر بنانے اور ذہنی صحت کے ماہرین اور محققین کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ