سردیوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ کیوں بڑھ جاتا ہے؟

سرد موسم جہاں کئی لوگوں کے لیے خوش گوار ہوتا ہے، وہیں یہ دل کے مریضوں کے لیے خطرات بھی بڑھا سکتا ہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ درجۂ حرارت میں کمی کے باعث خون کی شریانیں سکڑنے، بلڈ پریشر بڑھنے اور خون جمنے کے امکانات میں اضافے سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق خصوصاً ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول اور دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو اس موسم میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
سردیوں میں دل پر دباؤ کیوں بڑھتا ہے؟
طبی ماہرین کے مطابق سرد موسم میں جسم اپنی حرارت برقرار رکھنے کے لیے جلد کے قریب موجود خون کی شریانوں کو سکیڑ دیتا ہے، جس سے بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور دل کو خون پمپ کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔
کارڈیک اریسٹ اور ہارٹ اٹیک میں کیا فرق ہے؟
اس کے علاوہ سردی کا تعلق پلیٹلیٹس کی بڑھتی ہوئی سرگرمی اور خون کے گاڑھے پن سے بھی ہے، ان تبدیلیوں کی وجہ سے خون کے لوتھڑے بن سکتے ہیں، اگر دل کی شریانوں میں پہلے سے چربی جمع ہو تو یہ صورت حال زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
سردیوں میں جسمانی سرگرمی کم ہونا، مرغن اور زیادہ نمک والی غذاؤں کا استعمال، وزن بڑھنا اور فلو جیسی سانس کی بیماریاں بھی دل پر اضافی دباؤ ڈال سکتی ہیں۔
درجۂ حرارت میں 1 ڈگری کمی سے خطرہ کتنا بڑھ جاتا ہے؟
برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق میں انگلینڈ اور ویلز میں ہارٹ اٹیک کے 84 ہزار سے زائد مریضوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق درجۂ حرارت میں ہر ایک ڈگری سینٹی گریڈ کمی کے ساتھ آئندہ 28 روز کے دوران ہارٹ اٹیک کا خطرہ تقریباً 2 فیصد بڑھنے سے منسلک پایا گیا۔
ہارٹ اٹیک سے پہلے ظاہر ہونے والی اہم علامات
طبی ماہرین کے مطابق ہارٹ اٹیک ہمیشہ شدید سینے کے درد سے شروع نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات معمولی تکلیف بھی خطرے کی علامت ہو سکتی ہے۔
ایسی علامات جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہوتی ہے درج ذیل ہیں:
1- سینے میں درد یا دباؤ: سینے میں جکڑن، بھاری پن یا دباؤ محسوس ہونا جو ختم نہ ہو یا وقفے وقفے سے دوبارہ ظاہر ہو۔
2- درد کا دوسرے حصّوں تک پھیلنا: سینے سے بازوؤں، کندھوں، گردن، جبڑے یا کمر تک درد پہنچنا۔
3- سانس لینے میں دشواری: بعض اوقات سینے میں درد کے بغیر بھی اچانک سانس پھولنا۔
4- ٹھنڈے پسینے اور متلی: بغیر کسی واضح وجہ کے پسینہ آنا، متلی، قے یا چکر محسوس ہونا۔
5- غیر معمولی تھکاوٹ: اچانک شدید کمزوری یا تھکن محسوس ہونا، خصوصاً مندرجہ بالا علامات کے ساتھ۔
خواتین، عمر رسیدہ افراد اور ذیابیطس کے مریضوں میں سینے کا درد نسبتاً کم نمایاں ہو سکتا ہے، جب کہ سانس پھولنا، متلی اور غیر معمولی تھکاوٹ زیادہ واضح علامات ہو سکتی ہیں۔
ہارٹ اٹیک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر
1- سرد موسم میں گرم کپڑے پہنیں اور جسم کو ٹھنڈ سے محفوظ رکھیں۔
2- بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی باقاعدگی سے نگرانی کریں۔
3- ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات کا استعمال جاری رکھیں۔
4 - روزانہ مناسب جسمانی سرگرمی برقرار رکھیں، لیکن اپنی جسمانی استعداد سے زیادہ مشقت نہ کریں۔
5- نمک، چکنائی اور پراسیس شدہ غذاؤں کا استعمال محدود کر دیں۔
6-تمباکو نوشی سے اجتناب کریں اور جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھیں۔
7- فلو اور دیگر متعلقہ ویکسینز کے بارے میں ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
ہارٹ اٹیک کی علامات ظاہر ہوں تو کیا کریں؟
طبی ماہرین کے مطابق سینے میں درد یا ہارٹ اٹیک سے ملتی جلتی علامات کو تیزابیت یا سردی کا اثر سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
نانا پاٹیکر کو 45 منٹ تک سی پی آر کیوں دیا گیا؟ یہ طریقہ کب اور کتنی دیر تک مؤثر رہتا ہے؟
ایسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ایمرجنسی طبی امداد حاصل کریں، جسمانی سرگرمی روک دیں اور خود گاڑی چلا کر اسپتال جانے سے گریز کریں۔
ہارٹ اٹیک کے دوران دل کے پٹھوں کو خون اور آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، اس لیے علاج میں تاخیر سے دل کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بر وقت طبی امداد سے مریض کی صحت یابی کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
ماہرین نے خصوصاً ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول یا خاندان میں دل کی بیماریوں کی تاریخ رکھنے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بظاہر صحت مند محسوس ہونے کے باوجود بھی اپنے دل کی صحت کا باقاعدگی سے معائنہ کروائیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ