جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

برطانیہ: 1 لاکھ ریٹائر فوجیوں کو جنگ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کیوں کی گئی؟

تازہ ترین
برطانیہ: 1 لاکھ ریٹائر فوجیوں کو جنگ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کیوں کی گئی؟

برطانیہ نے ممکنہ جنگی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اپنی فوجی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارتِ دفاع نے خط لکھ کر آرمی، رائل نیوی اور رائل ایئر فورس کے تقریباً 1 لاکھ ریٹائر فوجیوں کو ضرورت پڑنے پر دوبارہ فوجی خدمات کے لیے طلب کیے جانے کے حوالے سے تیار رہنے کو کہا ہے۔

خط میں سابق فوجیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے رابطے کی تفصیلات کی تصدیق کریں اور فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد حاصل کردہ اپنی موجودہ ملازمت، تجربے اور مہارتوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔

برطانوی وزیرِ دفاع ویس اسٹریٹنگ نے کہا ہے کہ یہ ایک ضروری احتیاطی اقدام ہے، جس کا مقصد کسی جنگ کی صورت میں فوری طور پر دستیاب افرادی قوت اور مہارتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔

ڈرون حملوں کا خطرہ، برطانوی فضائیہ کا جنگی طیارے محفوظ ہینگرز میں منتقل کرنے کا فیصلہ

انہوں نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک شدید خطرے میں کام کر رہا ہے۔

ویس اسٹریٹنگ نے واضح کیا ہے کہ ریٹائر فوجیوں سے رابطہ کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ برطانیہ کو فوری طور پر جنگ کے خطرے کا سامنا ہے۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ اس اقدام کو خوف کی بجائے اطمینان کا باعث سمجھنا چاہیے، کیونکہ حکومت کا مقصد کسی ممکنہ بحران سے پہلے اپنی دفاعی تیاری مکمل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی حکومت کی جانب سے سرد جنگ کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں اسٹریٹجک ریزرو سابق فوجیوں سے باضابطہ رابطہ کیا جا رہا ہے۔

دفاعی حکام کا خیال ہے کہ جدید جنگ میں سائبر سیکیورٹی، انٹیلیجنس، طب اور مواصلات جیسے شعبوں کی مہارت بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اسی لیے سابق فوجیوں کی موجودہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ