جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

چیئرمین آباد کی قانونی تعمیرات ڈی سیل نہ کرنے پر کاروبار بند کرنے کی دھمکی

تازہ ترین
چیئرمین آباد کی قانونی تعمیرات ڈی سیل نہ کرنے پر کاروبار بند کرنے کی دھمکی

چیئرمین آباد حنیف گوہر—فائل فوٹو

چیئرمین آباد حنیف گوہر نے کہا ہے کہ پیر تک قانونی تعمیرات جو سیل ہوئی ہیں وہ ڈی سیل نہ کی گئیں تو کاروبار بند کر دیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ایڈمنسٹریٹیو سوسائٹی میں ناخوش گوار واقعہ پیش آیا ہے، غیر قانونی تعمیرات پر آباد نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔

چیئرمین آباد کا کہنا ہے کہ حادثہ ہوا تو سارے ادارے فعال ہو گئے، لیاری و گلبہار میں بھی واقعات ہوئے، جن سے آباد کے ممبران کا تعلق نہیں۔

تعمیراتی شعبہ ہی صنعتی و معاشی انقلاب لاسکتا ہے،حنیف گوہر

حنیف گوہر نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے تمام زیرِ تعمیر بلڈنگز کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، ہم اتنی عرصے سے آواز اٹھا رہے ہیں تو توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ قانونی طور پر کام کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی، وزیرِ اعلیٰ نے 123 بلڈنگز کو سیل کرنے کی بات کی، جس پر مختیار کاروں اور بلڈنگ افسران نے کسی کو سنے بغیر عمارتیں سیل کرنا شروع کر دیں۔

چیئرمین آباد نے کہا ہے کہ ڈپارٹمنٹ کو پتہ ہونا چاہیے کہ کون سی بلڈنگ قانونی تقاضے پورے کر کے بنائی جا رہی ہے، وزیرِ اعظم کی اپنا گھر اسکیم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، میں وزیرِ اعظم سے کہتا ہوں کہ آفیشل بلڈنگز کو سیل کیا گیا تو آپ کا خواب کیسے پورا ہو گا؟ سسٹم کے لوگوں کے خلاف ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ 3 دن میں ہماری بلڈنگز ڈی سیل نہ ہوئیں تو روڈ پر آئیں گے، سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ ظالمانہ اقدام کیا ہے۔

حنیف گوہر نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارروائی سے لوگ دل برداشتہ ہوں گے، لوگوں کو بے عزت کر کے دفتروں سے نکالا گیا، جو غلط ہیں ان کے خلاف ضرور ایکشن کریں، لیکن جو قانونی کام کر رہے ہیں ان کے خلاف ایکشن نہ لیا جائے۔

چیئرمین آباد نے یہ بھی کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ سندھ نے جلد بازی میں قدم اٹھایا، اگر آباد کو سن لیا جاتا تو یہ نوبت نہیں آتی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ