بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: پیٹ کمنز کے بیان پر عثمان خواجہ کا ردِعمل

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ’سینڈ پیپر گیٹ‘ پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے سخت ردِعمل پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
عثمان خواجہ نے پوڈکاسٹ ’دی گریڈ کرکٹر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹ کمنز کے رویے سے مجھے شدید دکھ پہنچا، کیونکہ میں انہیں ایک اچھا انسان اور بہترین قائد سمجھتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس سے قبل ان سے رابطہ کیا تھا تاکہ دونوں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کی جا سکے۔
عثمان خواجہ نے انکشاف کرنے کیلئے 8 سال انتظار کیوں کیا؟ پیٹ کمنز
عثمان خواجہ نے کہا کہ میں پھر بھی پیٹ کمنز کے لیے صرف ایک پریس کانفرنس کے بعد ناپسندیدگی کا اظہار نہیں کروں گا، چاہے کچھ بھی ہو، میں نفرت کرنے والا آدمی نہیں ہوں لیکن پیٹ کمنز کے ردِعمل نے مجھے حیران کر دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں پیٹ کمنز کو ذاتی طور پر پسند کرتا ہوں اور کبھی نہیں چاہتا تھا کہ اس تنازع کی وجہ سے ان کی آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی خطرے میں پڑے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ