جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی پابندی کے باوجود چین میں اینویڈیا کی جدید چپس کی فروخت کا انکشاف

تازہ ترین
امریکی پابندی کے باوجود چین میں اینویڈیا کی جدید چپس کی فروخت کا انکشاف

امریکی پابندیوں کے باوجود چین کے شہر شینزن کی الیکٹرانکس مارکیٹ میں اینویڈیا کی جدید ترین مصنوعی ذہانت کی چپس فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

دی نیوز انٹرنیشنل نے امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ہواچیانگ بے مارکیٹ میں تاجر 8 جدید بلیک ویل بی 300 چپس پر مشتمل سرور 30 لاکھ سے 34 لاکھ ڈالرز میں فروخت کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں جبکہ امریکا میں اسی سرور کی قیمت 5 سے 6 لاکھ ڈالرز ہے۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی حالیہ ملاقات کے مقام سے چند کلومیٹر دور واقع اس مارکیٹ میں ان چپس کی طلب بڑھ رہی ہے۔

امریکا کو جینسن ہوانگ سے تعلق رکھنے والی خاتون کے چینی انٹیلی جنس سے رابطے کے شواہد مل گئے

رپورٹ کے مطابق چینی تاجروں کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں اور سپلائی میں مشکلات کے باعث قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے تاہم واشنگٹن پوسٹ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ فروخت کے لیے پیش کی جانے والی بلیک ویل چپس اصلی ہیں یا نہیں، کیونکہ انہیں گوداموں میں رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمۂ تجارت کی جانب سے برآمدی پابندیوں پر عمل درآمد اور چین کو چپس کی فروخت کی اجازت دینے کے معاملے پر حکومتی سطح پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔

امریکی کانگریس کی دستاویزات کے مطابق رواں سال چینی کمپنیوں کو تقریباً 580,000 محدود برآمدی چپس فروخت کرنے کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

رپورٹ سامنے آنے کے بعد امریکی قانون سازوں نے اینویڈیا کے کاروباری معاملات اور حکومتی برآمدی پالیسی کی مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ