عمان کے قریب سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر دو آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی

فوٹو: ایرانی میڈیا
عمان کے قریب سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر دو آئل ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ عمان کے قریب بارودی سرنگوں سے ٹکرانے پر دونوں آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی، عمان کی بندرگاہ خصب کے شمال میں دو آئل ٹینکرز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ دونوں ٹینکرز آبنائے ہرمز سے ایک غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کررہے تھے، آبنائے ہرمز میں استحکام اور بحری جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کا انحصار ایران کے جائز خودمختار حقوق کے احترام پر ہے۔
خلیج فارس کے جزائر پر ایک آپریشنل یونٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل علی اوزماعی نے کہا کہ آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستے پر ایران کا کنٹرول محض دعویٰ نہیں بلکہ ایک عملی حقیقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو جذبہ شہادت اور فولادی عزم کے ساتھ ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ ایران نہ صرف اس آبی گزرگاہ پر کنٹرول رکھتا ہے بلکہ آبنائے ہرمز کے عین وسط میں تزویراتی صورتحال تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اس اہم بحری راستے میں استحکام اور محفوظ آمد و رفت ایران کے جائز خودمختار حقوق کے احترام سے مشروط ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ