واٹس ایپ صارفین کا طویل انتظار ختم، میسجز شیڈول کرنے کیلئے نیا فیچر متعارف

امریکی ٹیک کمپنی میٹا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ کے لیے میسجز شیڈول کرنے کے لیے نیا فیچر متعارف کروا دیا گیا۔
واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کروائے گئے اس نئے فیچر کی مدد سے صارفین اب کسی بھی میسج کو اپنی مرضی کے مناسب وقت پر بھیجنے کے لیے شیڈول کر سکیں گے۔
کمپنی نے یہ نیا فیچر انفرادی اور گروپ چیٹس دونوں کے لیے متعارف کروایا ہے۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین میسج لکھ کر اسے 10 منٹ سے لے کر 14 دن بعد تک بھیجنے کے لیے شیڈول کر سکتے ہیں۔
نئے فیچر کی مدد سے صرف تحریری پیغامات ہی نہیں بلکہ تصاویر اور ویڈیوز بھی مقررہ وقت پر بھیجی جاسکیں گی۔
واٹس ایپ پر میسج شیڈول کرنے کا طریقہ
1- واٹس ایپ کھول کر مطلوبہ انفرادی یا گروپ چیٹ میں جائیں۔
2- اپنا پیغام لکھیں یا تصویر اور ویڈیو منسلک کریں۔
3- پیغام بھیجنے والے بٹن کو دبانے کے بجائے کچھ دیر تک دبا کر رکھیں۔
4- سامنے آنے والے آپشن میں میسج بھیجنے کی تاریخ اور وقت منتخب کریں۔
5- اپنی پسند کے وقت کی تصدیق کر کے میسج شیڈول کر دیں۔
فون بند ہونے پر بھی پیغام پہنچ جائے گا
اس فیچر کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ مقررہ وقت پر میسج بھیجنے کے لیے صارف کا موبائل فون آن ہونا بھی ضروری نہیں ہو گا، اگر فون بند ہو یا اس کی بیٹری ختم ہو جائے تب بھی شیڈول کیا گیا میسج آگے پہنچ جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ میسجز بھی دیگر نجی میسجز کی طرح اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہیں گے۔
جسے میسج بھیجا جائے گا، اس کو بھی یہ معلوم نہیں ہو گا کہ میسج پہلے سے شیڈول کیا گیا تھا، کیونکہ اسے شیڈول میسج بھی بالکل عام میسج کی طرح موصول ہو گا۔
شیڈول میسج کو ڈیلیٹ کرنے کی سہولت بھی موجود
اگر صارف اپنا ارادہ تبدیل کر لے تو وہ مقررہ وقت سے پہلے شیڈول کیے گئے میسجز دیکھ کر انہیں ڈیلیٹ بھی کر سکتا ہے، جس کے بعد وہ میسج آگے نہیں بھیجا جائے گا۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دنیا بھر میں مرحلہ وار متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے باعث ممکن ہے کہ بعض صارفین کو یہ سہولت فوری طور پر دستیاب نہ ہو۔
بشکریہ روزنامہ جنگ