جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایسا لگ رہا ہے معاشی بحران بہتر نہیں ہوگا، مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، بلاول

تازہ ترین
ایسا لگ رہا ہے معاشی بحران بہتر نہیں ہوگا، مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے معاشی بحران بہتر نہیں ہوگا، مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، معاشی طور پر ہمیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، عالمی سطح پر جو حالات ہیں اس میں جلد بہتری نظر نہیں آرہی۔

ملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کسانوں، مزدروں اور محنت کشوں کو محنت کا صلہ نہیں دیاجا رہا، سیاست دانوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے کام کریں، ہمیں اس سسٹم کو اس قابل بنانا ہوگا کہ ان حالات کا مقابلہ کرسکیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو سسٹم کی بحالی سے متعلق بحث کرنی چاہیے، پارلیمان کو فعال کرنا ہے تو ملک کے تمام فیصلے پارلیمان میں ہی ہونے ہیں، جو فیصلے پارلیمان کے باہر طے ہوتے ہیں وہ حتمی نہیں ہوتے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پہلے جب ملتان آیا تو پورا پنجاب قدرتی آفت سے گزر رہا تھا، سیلاب کے دوران پیپلزپارٹی کارکنوں نے پنجاب کے عوام کا ساتھ دیا، پیپلزپارٹی ہمیشہ مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیتی ہے، آج پورا پاکستان ایک معاشی آفت سے گزر رہا ہے، جس معاشی بحران کا آج سامنا ہے زندگی میں ایسے حالات نہیں دیکھے، سیاست دان کا کام عوام سے سچ بولنا ہوتا ہے، سیاست دان زمینی حقائق بتائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم واقعی چاہتے ہیں کہ سسٹم عوام کی خدمت کرے تو جلد اقدامات کرنا ہوں گے، ان حالات میں ایک ری سیٹ کی ضرورت ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ