جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: عمارت گرنے کا واقعہ، 17 افراد اب بھی لاپتہ

تازہ ترین
کراچی: عمارت گرنے کا واقعہ، 17 افراد اب بھی لاپتہ

فوٹو بشکریہ اے ایف پی

کراچی ایڈمن سوسائٹی میں بلڈنگ گرنے کے واقعے میں اب تک 17 افراد لاپتہ ہیں، واقعے کا مقدمہ ٹیپو سلطان تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، غفلت، لاپروائی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ 10 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جن میں سے نامزد 4 افراد گرفتار ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ 17 افراد کے اہلِ خانہ نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر کے ان کے لاپتہ ہونے کا بتایا ہے۔

کراچی ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ زیر تعمیر عمارت گرنے سے 3 مزدور جاں بحق

رات گئے جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے ڈی جی ریسکیو 1122 سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ واجد صبغت اللّٰہ مہر اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈی جی ریسکیو 1122 نے ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے سمیت سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں پیشہ ورانہ مہارت، حفاظتی اقدامات اور باہمی رابطے کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔

واضح رہے کہ کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ نئی تعمیر کی گئی عمارت گرنے کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، 14 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا گیا، جبکہ کئی افراد کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں، عمارت کے کنٹریکٹر اور مالک کے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ایس بی سی اے کے 8 افسران کو عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کمشنر کراچی 24 گھنٹوں میں واقعے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ