انفلوئنسر نے چھوٹے سے فلیٹ میں چہل قدمی کر کے 14 کلو وزن کم کرلیا

کولاج فوٹو: اسکرین گریب
بھارت سے تعلق رکھنے والے فٹنس انفلوئنسر امبیکا ساگر نے اپنے دو بیڈ روم والے فلیٹ کے اندر ہی روزانہ 20 ہزار قدم چلنے کی عادت اپنا کر 14 کلوگرام وزن کم کرنے کی دلچسپ کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
ان کا وزن 90 کلوگرام سے کم ہو کر 76 کلوگرام ہوگیا اور خاص بات یہ ہے کہ اس دوران انہوں نے نہ تو جم کی رکنیت لی اور نہ ہی ٹریڈ مل یا کسی مہنگے آلے کا سہارا لیا۔
انسٹاگرام پر اپنی ٹرانسفارمیشن ویڈیو شیئر کرتے ہوئے امبیکا نے بتایا کہ انہوں نے دستیاب جگہ کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے گھر کے اندر چلنے کو روزمرہ کا معمول بنایا۔
اپنی ایک پرانی ٹی شرٹ میں نئی تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا، ’وہی ٹی شرٹ، مگر بدلی ہوئی عورت۔ 90 کلو سے 76 کلو تک، 14 کلو وزن کم ہوا، مگر سب سے بڑی تبدیلی وہ نظر ہے جس سے میں آج خود کو دیکھتی ہوں۔‘
ایک انٹرویو میں امبیکا نے وضاحت کی کہ اگرچہ روزانہ 20 ہزار قدم چلنا ان کے سفر میں بڑا ذریعہ ثابت ہوا، تاہم وزن گھٹانے کا انحصار صرف چلنے پر نہیں تھا۔ انہوں نے متوازن خوراک، کم کیلوری، تسلسل اور طرزِ زندگی میں چھوٹی مگر روزمرہ تبدیلیوں کو اس کامیابی کی بنیاد قرار دیا۔
امبیکا کے مطابق وزن کم کرنے کا مطلب بھوکا رہنا یا شارٹ کٹس تلاش کرنا نہیں، بلکہ خود پر یقین اور استقامت کے ساتھ روزانہ معمول پر قائم رہنا ہے، جس سے انہیں جسمانی تبدیلی کے ساتھ خود اعتمادی بھی ملی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ