بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی فوجی اہلکار کا چین سے منسلک خریداروں کو فوجی راز فروخت کرنے کا اعتراف

تازہ ترین
امریکی فوجی اہلکار کا چین سے منسلک خریداروں کو فوجی راز فروخت کرنے کا اعتراف

امریکی فوج کے حاضر سروس سارجنٹ نے چین سے منسلک خریداروں کو حساس فوجی معلومات اور سرکاری سازوسامان فروخت کرنے کا جرم قبول کرلیا، ملزم نے تقریباً 3 سال تک یہ غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 37 سالہ جیان ژاؤ نے 2007ء میں امریکی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ ریاست واشنگٹن کے جوائنٹ بیس لیوس میک کورڈ میں تعینات تھا، جہاں اسے حساس فوجی دستاویزات اور سازوسامان تک رسائی حاصل تھی۔

تحقیقات کے مطابق 2021ء میں سابق امریکی فوجی روئیو ڈوان نے جیان ژاؤ کو اس سازش میں شامل کیا۔

چین کسے ہتھیار فروخت کرتا ہے؟ امریکی رپورٹ سامنے آ گئی

ملزم نے چین سے منسلک خریداروں کو ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ہیمارس) کے تکنیکی دستورالعمل کے اقتباسات سمیت فوجی کارروائیوں، مواصلاتی نیٹ ورکس، میزائل نظام اور فوجی مشقوں سے متعلق دستاویزات کی تصاویر فراہم کیں۔

وفاقی تحقیقاتی اداروں نے مارچ 2025ء میں جیان ژاؤ کو گرفتار کیا تھا، اس کے قبضے سے 30 ہزار ڈالرز نقد رقم، الیکٹرانک آلات اور امریکی فوج کی ہارڈ ڈرائیوز برآمد کی گئی تھیں۔

ملزم کو یکم مارچ 2027ء کو سزا سنائی جائے گی، اسے 10 سال تک قید اور ڈھائی لاکھ ڈالرز جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں، اپریل 2025ء میں امریکی فوج کے سابق انٹیلی جنس تجزیہ کار کوربین شولز کو بھی چینی حکومت سے منسلک سمجھے جانے والے ایک شخص کو حساس فوجی معلومات فروخت کرنے کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، اس نے اس کے بدلے تقریباً 42 ہزار ڈالر وصول کیے تھے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ