بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستانی خلا باز کا چینی خلائی اسٹیشن پر شاندار استقبال، تصاویر بھی بنوائیں

تازہ ترین
پاکستانی خلا باز کا چینی خلائی اسٹیشن پر شاندار استقبال، تصاویر بھی بنوائیں

پاکستانی خلا باز ذیشان علی چینی خلا بازوں کے ساتھ خلا میں پہنچ گئے، ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز بن گئے۔

پاکستانی خلا باز کا خلائی اسٹیشن پر شاندار استقبال کیا گیا، خلائی اسٹیشن میں موجود تمام خلا بازوں نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

ذیشان علی تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں، اس تاریخی خلائی مشن کو صرف ملکی ہی نہیں عالمی سطح پر بھی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

اس اہم سنگِ میل پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ملکی و غیر ملکی شخصیات و اداروں کی جانب سے مبارک باد اور خیرسگالی کے پیغامات سامنے آئے۔

پاکستان کا پہلا انسانی خلائی مشن: فیلڈ مارشل سمیت تینوں سروسز چیفس کی مبارکباد

گزشتہ روز چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (CMSA) نے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران تین رکنی خلائی عملے کا اعلان کیا، جس میں ذیشان علی کو پے لوڈ اسپیشلسٹ مقرر کیے جانے کی تصدیق کی گئی۔ عملے میں چینی خلا باز اور مشن کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو یی بھی شامل ہیں۔

پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے ذیشان علی کی بنیادی ذمے داری چینی خلائی اسٹیشن (CSS) پر پاکستان کے سائنسی تحقیقی پروگرام پر عمل درآمد اور کم کششِ ثقل والے ماحول میں سائنسی تجربات انجام دینا ہوگی۔

امریکا میں چین کے سفیر شے فینگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ذیشان علی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کائنات کی کوئی سرحد نہیں، آئیے مل کر مزید آگے بڑھیں۔

پاکستان میں چینی سفارت خانے کے سابق ثقافتی مشیر ژانگ ہہ چنگ نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے شینژو-24 کے مشن کے نشان پر پاکستان کے قومی پھول چنبیلی کی شمولیت کو سراہتے ہوئے اسے پاک چین دوستی اور خلائی تعاون کی علامت قرار دیا۔

اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے میڈیا اتاشی سیف ناصر نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں اسے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔

عالمی ذرائع ابلاغ اور غیر ملکی صحافیوں کا ردعمل

شین شی وی، لی جِنگ جِنگ سمیت مخلتف چینی صحافیوں نے سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو آسمان سے بلند اور خلا سے بھی وسیع قرار دیا۔

شین شی وی نے 25 نومبر کو روانہ ہونے والے خلائی عملے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کے سفر کی سلامتی اور کامیابی کی دعا کی۔

لی جِنگ جِنگ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پاکستانی خلا باز ذیشان علی کا پیغام ری شیئر کیا۔

لبنانی نژاد آسٹریلوی تجزیہ کار ماریو نوفل نے کہا کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت پاکستان اور چین کا تعاون اب مدارِ زمین تک پہنچ گیا ہے۔

مقامی سیاست دانوں اور صحافیوں کا ردعمل

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی پاکستان کی صلاحیتوں، ٹیلنٹ اور امکانات کے ساتھ ساتھ پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایکس پر اپنے پیغام میں ذیشان علی کو پاکستان کی صلاحیت، محنت اور عزم کی روشن مثال قرار دیا اور کہا کہ پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے ذیشان علی کی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن آمد پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ان کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے تحریک کا ایک بڑا ذریعہ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کا پیغام ہوگی۔

سینئر صحافی حامد میر نے بھی ایکس پر ذیشان علی کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں پاکستان کا فخر قرار دیا۔

سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاک چین دوستی نئی بلندیوں سے ہمکنار ہو گئی ہے اور یہ بلندی یقیناً پہاڑوں سے بھی کہیں زیادہ ہے، کیونکہ اب دونوں ممالک کی شراکت داری خلا تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تعلقات میں اپنی نوعیت کا یہ ایک منفرد رشتہ ہے، جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ چین، غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر آپ کا شکریہ۔

سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے بھی ذیشان علی کو پاکستان کا پہلا خلا باز بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ان کی کہانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنے گی۔

سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے اس کامیابی کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی سائنسی ترقی اور پاک چین خلائی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

خیال رہے کہ محمد ذیشان علی کے ساتھ اس سفر میں 2 چینی خلا باز بھی ہیں، تینوں خلا نورد 5 گھنٹے کے سفر کے بعد خلا میں پہنچ گئے، خلا باز ایک ہفتے تک خلا میں موجود رہیں گے اور مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ