منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

وزیرِ اعظم نے کہا ہے خلاء میں ذیشان علی نہیں پاکستان جا رہا ہے: پاکستانی خلاء باز

تازہ ترین
وزیرِ اعظم نے کہا ہے خلاء میں ذیشان علی نہیں پاکستان جا رہا ہے: پاکستانی خلاء باز

پاکستانی خلاء باز ذیشان علی—تصویر بشکریہ چینی میڈیا

پاکستانی خلاء باز ذیشان علی کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے، چین پاکستان کے تعلقات اور دوستی کو مستقبل میں بڑھتا دیکھ رہا ہوں۔

چین کے انسانی خلائی مشن شین ژو 24 میں جانے والے پاکستانی خلاء باز نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ ناصرف میرے بلکہ پاکستان کے لیے اعزاز ہے، پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے۔

ذیشان علی کا کہنا ہے کہ خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے بہترین تربیت فراہم کی، چینی عملے کے ساتھ دوستی اور پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہوئے ہیں، اپنے چاہنے والوں اور معاونین کا ممنون و مشکور ہوں۔

پاکستانی خلا بازوں کی چین میں خلائی تربیت مکمل: سپارکو

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشن میں ذیشان علی نہیں پاکستان جا رہا ہے، پاکستان کی نمائندگی اور فخر تمہارے سر ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی خلاء باز نے کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ خلائی مشن پر روانہ ہونے کا موقع ملے گا، مستقبل میں بین الاقومی خلاء بازوں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے۔

کریو ممبرز نے کہا کہ پاکستانی ساتھی خلاء باز نے مشن کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، گزشتہ کچھ عرصے میں ایک دوسرے سے ہم آہنگی پیدا ہوئی۔

واضح رہے کہ سپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کے اشتراک سے یہ خلائی مشن انجام دیا جائے گا، خلائی سفر میں پاکستان نئی منزل حاصل کرنے کے قریب ہے۔

پاکستانی خلاباز ذیشان علی کل تاریخ رقم کرینگے

سپارکو کا کہنا ہے کہ پاکستانی خلاء باز ذیشان علی مشن میں بطور سائنسی ماہر حصہ لے رہے ہیں، وہ تقریبا 1 ہفتے خلاء میں قیام کے بعد واپس آئیں گے۔

واضح رہے کہ چینی خلائی مشن شین ژو 24 پہلے پاکستانی خلاء باز کو لے کر کل 25 نومبر کوروانہ ہو گا، پہلے پاکستانی خلاء باز کی چینی خلائی اسٹیشن سے روانگی کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، یہ چینی خلائی اسٹیشن خلاء باز عملے کے لیے نسبتا بہتر اسٹیشن ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ