دھیمے لہجے میں بات کرنے والے مصدق ملک نے بھارتی صحافی کو سوال کرنے کا ڈھنگ سکھا دیا

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک—فائل فوٹو
پاکستانی وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے حالیہ بھارتی دورے کے دوران ایک بھارتی صحافی سے آواز دھیمی رکھنے کو کہا تو متعدد بھارتی صارفین نے صحافی کے طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے پاکستانی وزیر کے رویے اور تحمل کو سراہا۔
یہ تبادلۂ خیال اس وقت ہوا جب ایک بھارتی صحافی نے مصدق ملک سے دہشت گردی سے متعلق سوال کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کر دی۔
اس پر وزیر نے انہیں سوال جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے پوچھا کہ آپ اتنی بلند آواز میں کیوں بات کر رہے ہیں؟ آپ یقیناً جو چاہیں سوال پوچھ سکتے ہیں لیکن آواز بلند کرنے کی کیا ضرورت ہے؟
اس کے بعد انہوں نے اس معاملے کے پورے خطے پر مرتب ہونے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ معاملے پر پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ہونے والی ہر گفتگو شواہد کی بنیاد پر کی جائے گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پورا خطہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرے، کیونکہ اس سے پورا خطہ متاثر ہوا ہے۔
اس گفتگو کے بعد متعدد بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے ردِعمل کا اظہار کیا، جن میں کئی افراد نے صحافی کے انداز پر سوال اٹھاتے ہوئے مصدق ملک کے تحمل کو سراہا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ