بحرالکاہل کی ماریانا کھائی میں دنیا کا سب سے گہرا دھماکا خیز آتش فشاں دریافت

سائنس دانوں نے سمندر کی سطح سے 20 ہزار فٹ سے زیادہ گہرائی میں دنیا کے سب سے گہرے دھماکا خیز آتش فشاں کے شواہد دریافت کر لیے۔
یہ اہم دریافت بحرالکاہل میں واقع ماریانا کھائی کے چیلنجر ڈیپ کی دیواروں کے قریب ہوئی، جو زمین کا اب تک معلوم سب سے گہرا مقام ہے۔
تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے زیرِ آب روبوٹ جیسن میڈیئا کی مدد سے آتش فشاں چٹانوں کی باریک تہیں دریافت کیں، یہ چٹانیں دھماکا خیز آتش فشانی عمل کے نتیجے میں بننے والے مواد پر مشتمل ہیں، جس میں شدید گرم گیس اور راکھ خارج ہوتی ہے۔
تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ’فرنٹیئرز اِن ارتھ سائنس‘ میں شائع ہوئے ہیں، محققین کے مطابق یہ سمندر میں سب سے گہرے دھماکا خیز آتش فشاں کے اب تک دریافت ہونے والے شواہد ہیں۔
ناسا کی مریخ پر پراسرار ’بھوتوں کے جنگل‘ کی تصویر، حقیقت سامنے آگئی
یونیورسٹی آف ٹیکساس ڈلاس کے محقق ڈاکٹر رابرٹ جے اسٹرن نے بتایا ہے کہ زیرِ زمین گہرائی میں آتش فشاں سرگرمی کا اس قدر سمندری کھائی کے قریب ہونا غیر معمولی ہے، کیونکہ ایسے مقامات پر زمین کی اندرونی تہہ عموماً اتنی ٹھنڈی ہوتی ہے کہ پگھلا ہوا مادہ بننے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق 20 ہزار فٹ سے زیادہ گہرائی میں پانی کا انتہائی شدید دباؤ عموماً میگما میں موجود گیسوں کو پھیلنے نہیں دیتا، جس کے باعث دھماکا خیز آتش فشانی عمل کے بجائے لاوا آہستہ آہستہ باہر نکلتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اتنے شدید دباؤ میں دھماکا ہونے کے لیے میگما میں غیر معمولی کیمیائی خصوصیات اور انتہائی بلند درجۂ حرارت موجود ہونا ضروری ہے۔
اگرچہ سائنس دان ابھی تک آتش فشاں کے اصل دہانے کی نشاندہی نہیں کر سکے، تاہم ارضیاتی شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ سرگرمی نسبتاً حالیہ زمانے میں ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ان چٹانوں کا مزید مطالعہ سمندری کھائیوں کی تشکیل اور زیرِ آب آتش فشانوں کے بارے میں سائنسی سمجھ بوجھ کو مزید بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ