منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جینسن ہوانگ کے اربوں ڈالرز کہاں رکھے ہیں؟ فیملی ٹرسٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

تازہ ترین
جینسن ہوانگ کے اربوں ڈالرز کہاں رکھے ہیں؟ فیملی ٹرسٹس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ—فائل فوٹو

اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ اور ان کی اہلیہ لوری ہوانگ کے پاس کمپنی کے تقریباً 87 کروڑ شیئرز ہیں، جن کی مالیت 109 ارب ڈالرز سے زائد ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ کی اربوں ڈالرز کی دولت کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے خصوصی مالیاتی منصوبہ بندی سامنے آ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جینسن اور لوری ہوانگ کے تقریباً 87 کروڑ اینویڈیا شیئرز مختلف مالیاتی اداروں اور قانونی ڈھانچوں کے تحت رکھے گئے ہیں، جن میں فیملی ٹرسٹس، محدود ذمے داری والی کمپنیاں (LLCs) اور ایک فلاحی فاؤنڈیشن شامل ہیں۔

امریکی کمپنی اینویڈیا نے جینسن ہوانگ کو سی ای او کے عہدے پر بحال کردیا

رپورٹ کے مطابق ان کے اثاثوں کی تقسیم درج ذیل طریقے سے کی گئی ہے۔

لِونگ ٹرسٹ: 1995ء میں قائم کی گئی مشترکہ ٹرسٹ میں تقریباً 46 کروڑ 80 لاکھ شیئرز رکھے گئے ہیں۔

محدود ذمے داری والی کمپنیاں: مختلف کمپنیوں کے ذریعے تقریباً 13 کروڑ 30 لاکھ شیئرز کا انتظام کیا گیا ہے۔

2012ء کی اریووکیبل ٹرسٹ: اس میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد شیئرز موجود ہیں۔

2016ء کی اریووکیبل ریمینڈر ٹرسٹ: اس کے پاس تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ شیئرز ہیں۔

اثاثوں کی اس انداز میں تقسیم کا بنیادی مقصد خاندانی دولت کو محفوظ رکھنا، مستقبل میں بچوں اور آنے والی نسلوں کو اثاثے منتقل کرنا اور وراثتی ٹیکس کی منصوبہ بندی کرنا ہے۔

ٹیکس بچانے کیلئے خصوصی مالیاتی حکمتِ عملی

ہوانگ خاندان نے اپنی دولت کی منتقلی کے لیے گرانٹر ریٹینڈ اینیوٹی ٹرسٹ (GRAT) نامی مالیاتی طریقہ اختیار کیا ہے۔

اس طریقے کے تحت کوئی شخص اپنے اثاثے مخصوص مدت کے لیے ٹرسٹ میں منتقل کرتا ہے لیکن اسے طے شدہ عرصے تک سالانہ ادائیگیاں ملتی رہتی ہیں، مخصوصی مدت مکمل ہونے پر اثاثوں کی اضافی بڑھتی ہوئی مالیت مستفید ہونے والوں کو منتقل ہو سکتی ہے۔

جینسن اور لوری نے 2016ء میں ایسی 4 ٹرسٹس قائم کی تھیں، جن میں سے 2 ٹرسٹس 4 سال اور 2 ٹرسٹس 10 سال کی مدت کے لیے بنائی گئی تھیں۔

جینسن ہوانگ کا مزید خواتین سے تعلقات کا انکشاف

10 سالہ ٹرسٹس میں ابتداء میں تقریباً 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز مالیت کے اینویڈیا کے شیئرز رکھے گئے تھے، جن کی مالیت مارچ 2026ء میں بڑھ کر 10.5 ارب ڈالرز سے زیادہ ہو گئی۔

اس طرح ایک دہائی کے دوران ان اثاثوں کی مالیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

دولت کے وارث کون ہوں گے؟

جینسن اور لوری ہوانگ کے 2 بچے ہیں، میڈیسن اور اسپینسر، دونوں ہی اینویڈیا سے وابستہ ہیں۔

دولت کو خاندانی ٹرسٹس اور دیگر مالیاتی انتظامات کے ذریعے اگلی نسل تک منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، تاہم متعلقہ مالیاتی دستاویزات میں تمام ٹرسٹس سے حتمی مستفید ہونے والوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ