سیشن کورٹ اسلام آباد: فاطمہ اصغر قتل کیس، ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع

فائل فوٹو۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں فاطمہ اصغر قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزمان افشاں اور قاری علی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی گئی۔
پراسیکیوٹر نے گزشتہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ہونے والی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کیا۔ اسپیشل پراسیکیوٹر واجد منیر نے کہا کہ ملزمان کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ آج کروایا گیا ہے، ملزمہ کے شوہر ایف آئی اے افسر نے تفتیش جوائن کرلی ہے۔
پراسیکیوٹر واجد منیر نے مزید کہا کہ ملزمہ افشاں کے دیگر گھریلو ملازمین کے بیانات بھی ریکارڈ کرلیے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دونوں ملزمان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا ہے۔ افشاں کی جانب سے آئی فون کا پاسورڈ فراہم نہیں کیا جا رہا۔
اس موقع پر وکیل صفائی نے کہ یہ لوگ پہلے خود فون کھولنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، اب فون کا پاسورڈ نہ ہم سے کھل رہا ہے نہ ان سے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ ملزمان کی رضا مندی کے بغیر پولی گرافک ٹیسٹ نہیں ہوسکتا۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان نے پولی گرافک ٹیسٹ کے حوالے سے رضا مندی ظاہر کی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ