غریبوں کیلئے کروڑوں گھر بھی بنانا پڑے تو بنائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بھی بنانا پڑے تو بنائیں گے۔
اپنا گھر اسکیم کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر وہ اقدامات کرنا ہوں گے، جن کا خواب بانی پاکستان نے دیکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ لاکھ یا 2 لاکھ گھروں کی تعمیر کی کوئی قدغن نہیں، یہ تو آٹے میں نمک کے برابر ہے، جن خاندانوں کو مکان ملے، اُن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایک بڑی تعداد اپنی چھت، روزگار اور تعلیم سے محروم ہے، غریبوں کے لیے کروڑوں گھر بھی بنانا پڑے تو بنائیں گے۔ دکھ کی بات ہے ایک طرف تمام وسائل مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھ میں ہیں اور دوسری طرف لوگ اپنے گھر سے محروم ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے بانی پاکستان نے تحریک چلائی تھی، اشرافیہ کو بینکوں کے قرضے کی ضرورت نہیں، عوام کو ہے۔ ہزاروں خاندانوں کو اپنا گھر بنانے کے لیے قرضے ملے، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کرتیزی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میں آشیانہ اسکیم لانچ کی تھی، ماضی قریب میں ہاؤسنگ اسکیم بنی اس میں شاہانہ محل جیسے گھر بنے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ