پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی فوج کی خاتون اہلکار آوارہ کتوں کے حملے میں ہلاک ہوگئی

تازہ ترین
امریکی فوج کی خاتون اہلکار آوارہ کتوں کے حملے میں ہلاک ہوگئی

فوٹو: امریکی میڈیا

امریکی ریاست جارجیا میں امریکی فوج کی سابق اہلکار 36 سالہ ایلیسن لین اینڈرسن کو آوارہ کتوں کے غول نے حملہ کرکے ہلاک کردیا۔

تین بچوں کی ماں ایلیسن کو یہ معلوم بھی نہیں تھا کہ وہ جلد پہلی بار نانی بننے والی ہے، ان کی حاملہ بیٹی نے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف انصاف کا مطالبہ کردیا۔

جارجیا بیورو آف انویسٹی گیشن کے مطابق 16 نومبر کو پولیس کو کارٹرس وِل کے علاقے میں ایک خاتون کے بے ہوش پڑے ہونے کی اطلاع ملی، جس پر اہلکار موقع پر پہنچے تو ایلیسن لین اینڈرسن مردہ حالت میں پائی گئی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کے جسم پر مہلک زخم موجود تھے۔

تحقیقاتی ادارے کے مطابق واقعے میں ملوث متعدد کتوں کو بارٹو کاؤنٹی اینیمل کنٹرول نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، تاہم کتوں کی اصل تعداد اور حملے کے مکمل حالات تاحال واضح نہیں ہوسکے۔

ایلیسن نے 2007 میں امریکی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کی 20 سالہ بیٹی مائلی گارنر پہلے بچے کی توقع کر رہی ہیں، تاہم وہ اپنی والدہ کو حمل کی خبر نہیں دے سکی تھی۔

مائلی گارنر کا کہنا ہے کہ اگر ان کی والدہ کو معلوم ہوتا کہ وہ پہلی بار نانی بننے والی ہیں تو وہ بے حد خوش ہوتیں۔ انہوں نے کتوں کے مالکان پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اذیت ناک تھا اور انہیں انصاف ملنا چاہیے۔

ایلیسن کے اہل خانہ نے انہیں خوش مزاج، ملنسار اور دوسروں کی مدد کرنے والی شخصیت قرار دیا۔ ان کے مطابق ایلیسن کو موسیقی، گلوکاری، تیراکی اور مچھلی پکڑنے کا شوق تھا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ