ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

حنا جاوید قتل: چالان، تفتیش اور فرانزک شواہد عدالت کو بھیج دیے، سی پی او راولپنڈی

تازہ ترین
حنا جاوید قتل: چالان، تفتیش اور فرانزک شواہد عدالت کو بھیج دیے، سی پی او راولپنڈی

چیف پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی سردار غیاث گل نے کہا ہے کہ حنا جاوید قتل کیس کا چالان عدالت بھیج دیا گیا ہے، اس کے ساتھ پولیس تفتیش اور فرانزک شواہد بھی بھیجے گئے ہیں۔

سردار غیاث گل نے کہا کہ عدالت نے کیس میں گناہ گاروں اور بے گناہوں کا فیصلہ کرے گی۔

یاد رہے حنا جاوید کو رواں سال 20 اگست کو ان کے گھر میں تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔

اہلخانہ نے پولیس تفتیش پر عدم اعتماد کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا تھا، تاہم 3 ماہ گزرنے کے باوجود پولیس نے حنا جاوید قتل کے مقدمے کا چالان جمع نہیں کرایا تھا۔

ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے بھی چالان میں مسلسل تاخیر پر سی پی او راولپنڈی کو خط لکھا تھا، پنجاب حکومت نے حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش کیلئے ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی سربراہی میں ہائی پاورڈ کمیٹی تشکیل دی تھی۔

ہائی پاورڈ کمیٹی نے اپنی تحقیقات میں مقتولہ کے گھریلو ملازم کو مرکزی ملزم قرار دیا تھا، پولیس نے حنا جاوید قتل کیس میں مقتولہ کے شوہر فیصل اصفر اور ان کے گھریلو ملازم کو گرفتار کیا تھا، دونوں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ