ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اب بچوں کو نہیں کہہ سکتے کہ سوال کیوں کر رہے ہو: مراد علی شاہ

تازہ ترین
اب بچوں کو نہیں کہہ سکتے کہ سوال کیوں کر رہے ہو: مراد علی شاہ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ---اسکرین گریپ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل لرننگ، کھیل اور ہنر مندی طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

کراچی میں این جے وی اسکول میں عالمی یومِ اطفال کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ہماری پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں یہ اسکول چلایا گیا، ہماری اور مینجمنٹ بورڈ کی سوچ سے بھی بہتر اس اسکول کو پایا اور اس اسکول جیسا معیار نجی اسکولوں میں بھی نہیں ہوتا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ یہاں 1947ء کا سندھ اسمبلی کا ہال ہے، جب ہال کے اندر گیا تو لگا اقوامِ متحدہ میں آ گیا ہوں۔

سندھ حکومت کا تعلیم میں عالمی معیار لانے کا پختہ عزم ہے، مراد علی شاہ

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے بھر سے لوگ یہاں پڑھنے آ رہے ہیں، ہم نے میہڑ میں بھی ایک اسکول دیا ہے، میہڑ سے بچے بھی یہاں آ رہے ہیں اور یہ وہ بچے تھے جو گھروں سے نہیں نکلتے تھے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اب بچوں کو نہیں کہہ سکتے کہ سوال کیوں کر رہے ہو، آپ کو جواب دینا پڑتا ہے، ہماری نسل پیچھے رہ چکی ہے لیکن امید ہے کہ ہمارے بچے ہم سے زیادہ بہتر کام کریں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ طلبہ میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت اور عملی مہارتیں پیدا کرنا ضروری ہے، طلبہ مطالعہ کریں، نئی چیزیں دریافت کریں، سوالات پوچھنے سے نہ گھبرائیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا ہے کہ طلبہ اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام کریں، ایک دوسرے کی مدد کریں، اپنے مقاصد کے حصول کے لیے محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ