ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مصدق ملک نئی دہلی میں، 2023ء کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا بھارت میں خطاب

تازہ ترین
مصدق ملک نئی دہلی میں، 2023ء کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا بھارت میں خطاب

مصدق ملک---فائل فوٹو

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمہ فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی میں ہیں۔

مئی 2023ء میں اس وقت کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا پہلا دورۂ بھارت ہے۔

مصدق ملک نے فورم سے خطاب میں کہا کہ خطے کی تہذیب اور ورثے کو موسمیاتی تبدیلی کے نئے خطرے کا سامنا ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد کی نئی دلی آمد

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اپنی تہذیبی تاریخ کے 3 اہم ادوار کا امین ہے، دہلی کا پرانا قلعہ بذاتِ خود تاریخ کی ایک مکمل داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے مختلف ادوار کے حکمرانوں نے مل کر اس قلعے کے تاریخی ورثے کو تشکیل دیا، وسطی ایشیاء سے آنے والے ہمایوں نے اس قلعے کی بنیاد رکھی، ایک دوسرے کے حریف ہمایوں اور شیر شاہ سوری آج اسی قلعے کی تاریخ کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تاریخی روابط شمال میں بخارا، سمرقند اور مغرب میں فارس اور عرب تک پھیلے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق گندھارا کا بدھ فنِ تعمیر شاہراہِ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیاء اور چین تک پہنچا، وادیٔ سندھ، گندھارا، وسطی ایشیاء، فارس اور عرب کے تاریخی و ثقافتی روابط ہماری تہذیبی تاریخ کا اہم امتزاج ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ