فائبر کی کمی آنتوں کے لیے نقصان دہ کیوں ہو سکتی ہے؟

علامتی فوٹو
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ماہرین نے یہ انکشاف کیا ہے کہ پودوں پر مبنی غذاؤں کے فوائد صرف فائبر تک محدود نہیں ہیں، بلکہ پودوں میں موجود بعض نظرانداز شدہ پروٹین بھی معدے کے مائکروبیوم کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پرنسٹن سے شائع ہونیوالے سائنسی جریدے پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جب آنتوں کے بیکٹیریا کو خوراک کے طور پر فائبر نہیں ملتا، تو وہ زندہ رہنے کے لیے آنتوں کی اندرونی حفاظتی میوکس والی تہہ کو کھانا شروع کر دیتے ہیں، جس سے نقصان دہ مرکبات پیدا ہوتے ہیں جو صحت کے لیے مضر ثابت ہو سکتے ہیں۔
محققین کے مطابق پودوں میں ایسے پروٹین بھی پائے جاتے ہیں جو ہضم ہوئے بغیر آنتوں تک پہنچتے ہیں۔ یہ پروٹین فائبر کے ساتھ مل کر بیکٹیریا کو نقصان دہ مادے پیدا کرنے سے روکتے ہیں اور صحت بخش مرکبات کی پیداوار کو فروغ دیتے ہیں۔
فائبر اور پودوں کے یہ پروٹین جب بیکٹیریا کے ذریعے ہضم ہوتے ہیں تو ایسے ’فینول میٹابولائٹس‘ پیدا کرتے ہیں جو جسم کے وزن اور آنتوں کی صحت کے لیے اچھے ہوتے ہیں، جبکہ اس کے برعکس فائبر کی غیر موجودگی میں بننے والے مرکبات کینسر اور گردے کے امراض کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔
نیچر میٹابولزم میں شائع ہونے والی ایک اور متعلقہ تحقیق میں یہ حیران کن انکشاف بھی سامنے آیا کہ بہت سے ایسے کیمیائی مرکبات (جیسے انڈول اور فینول) جو اب تک یہ سمجھا جاتا تھا کہ صرف معدے کے بیکٹیریا بناتے ہیں، انہیں انسانی جسم کے خلیات خود بھی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ