پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

صحرا سے 4.1 ارب سال قدیم مریخ کا نایاب شہابی پتھر دریافت

تازہ ترین
صحرا سے 4.1 ارب سال قدیم مریخ کا نایاب شہابی پتھر دریافت

تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ افریقی ملک مالی کے صحارا صحرا سے 2022ء میں ملنے والا گلابی رنگ کا پتھر مریخ کا قدیم ترین شہابی پتھر ہے، تقریباً 2 پاؤنڈ وزنی اس پتھر کی عمر 4.1 ارب سال سے بھی زیادہ بتائی جارہی ہے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے مطابق یہ زمین پر دریافت ہونے والے مریخ کے قدیم ترین شہابی پتھروں میں سے ایک ہے، اسے مالی کے علاقے میں واقع نمک کے میدان کے نام پر ’تیغزہ 001‘ کا نام دیا گیا تھا، اس پتھر کو مریخ سے آنے والے اب تک کہ معلوم تقریباً 435 شہابی پتھروں میں شامل کر لیا گیا ہے۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور ناسا کے سائنس دان یانگ لیو کے مطابق ابتدائی طور پر اس پتھر کی غیر معمولی اہمیت کا اندازہ نہیں ہوسکا تھا تاہم تفصیلی جائزے سے اس میں کئی اہم معدنیات کی موجودگی سامنے آئی، ایک محقق نے اسے مریخ کے ماضی کو سمجھنے کے لیے انتہائی اہم دریافت قرار دیا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق اس پتھر میں پگھلی ہوئی چٹان سے بننے والی مختلف معدنیات موجود ہیں جو اربوں سال پہلے مریخ کی بیرونی سطح کی تشکیل اور اس کے ٹھنڈا ہونے کے عمل کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

تحقیق کے دوسرے مصنف اور ناسا کے تحقیقی مرکز کے سائنسدان لی سیپر کا کہنا ہے کہ یہ مریخ کی ایسی سطح کا پہلا نمونہ ہے جس کا اس سے پہلے سائنس دانوں نے مطالعہ نہیں کیا۔

اس پتھر میں پانی اور چٹانوں کے باہمی تعلق کے شواہد بھی ملے ہیں جبکہ اس میں اس زمانے کے مریخی ماحول کے آثار ملنے کا امکان بھی ہے جب مریخ سے پانی ختم ہو رہا تھا۔

مریخ پر خلائی مخلوق کی بندوق؟ ناسا کی تصویر نے نئی بحث چھیڑ دی

ماہرین کے مطابق مریخ کی سطح پر طاقتور خلائی ٹکراؤ کے نتیجے میں چٹانوں کے ٹکڑے خلا میں بکھر جاتے ہیں جن میں سے بعض سفر کرتے ہوئے زمین تک پہنچ جاتے ہیں۔

اس شہابی پتھر کے مریخ سے تعلق کی تصدیق نیو میکسیکو یونیورسٹی کے محققین نے آکسیجن کے ہم جا اجزا کا تجزیہ کر کے کی ہے جس کے بعد ناسا اور کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنس دان بھی تحقیق میں شامل ہو گئے ہیں۔

محققین نے ناخن سے بھی چھوٹے نمونے میں موجود انفرادی معدنی ذرات کی عمر معلوم کرنے کے لیے جدید سائنسی طریقہ استعمال کیا جس سے زیادہ تر شہابی پتھر کو آئندہ تحقیق کے لیے محفوظ رکھنا بھی ممکن ہوا۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ تقریباً 4.1 ارب سال پہلے پانی نے اس چٹان کی ساخت میں تبدیلیاں پیدا کی تھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ پتھر اس سے بھی پہلے وجود میں آ چکا تھا۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت مریخ کی ابتدائی تاریخ، وہاں پانی کی موجودگی اور اس کی سطح پر پانی کی نقل و حرکت کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ