سونیا گاندھی نے سوانح حیات لکھنے کی وجہ بتادی

بھارتی کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی نے سوانح حیات لکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے واضح کیا کہ یہ کوئی سیاسی کتاب نہیں بلکہ میری ذاتی زندگی اور بھارت میں گزارے گئے 5 عشروں سے زائد عرصے کی داستان ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سونیا گاندھی نے اپنی سوانح حیات کی اشاعت سے قبل بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کے لیے ایک مضمون لکھا ہے جس میں اُنہوں نے واضح کیا ہے کہ میں نے زندگی کا بیشتر حصہ اپنی نجی دنیا کو لوگوں کی نظروں سے دور رکھتے ہوئے گزارا، حتیٰ کہ کچھ ذاتی صدمات نے مجھے سیاست میں آنے پر مجبور کیا تب بھی میں نے اپنی نجی زندگی کو میڈیا سے دور ہی رکھنے کی کوشش کی۔
سونیا گاندھی نے مزید لکھا کہ عوامی زندگی کی روزمرہ مصروفیات سے کچھ فاصلے پر آنے کے بعد ہی میں اپنی زندگی کو واضح انداز میں دیکھنے اور اس پر لکھنے کے قابل ہوئی۔
اُنہوں نے لکھا کہ جب میں نے ماضی پر نظر ڈالی تو مجھے احساس ہوا کہ محبت اور اس سے جنم لینے والی وفاداری میری زندگی کے بنیادی ستون رہے ہیں۔
سونیا گاندھی نے لکھا کہ میری کہانی کا آغاز انگلینڈ سے ہوا، جہاں اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ لڑکی کی ملاقات ایک نوجوان بھارتی طالب علم راجیو گاندھی سے ہوئی۔ یہ ملاقات مجھے ایک نئے ملک، نئے خاندان اور ایک نئی زندگی کی طرف لے گئی۔
سونیا گاندھی نے اپنی ساس اندرا گاندھی کے ساتھ گہرے تعلق اور بچوں کی پرورش کے تجربات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے لکھا کہ جب تشدد کے واقعات میں میری ساس اور شوہر کی جان چلی گئی تو محبت نے ہی مجھے زندگی کے انتہائی تکلیف دہ لمحات برداشت کرنے کی ہمت دی۔
سونیا گاندھی کی سوانح حیات میں نہرو گاندھی خاندان کو پیش آنے والے کئی بڑے سانحات کا ذکر شامل ہے، جن میں سنجے گاندھی کی طیارہ حادثے میں موت، 1984ء میں اندرا گاندھی کا قتل اور 1991ء میں راجیو گاندھی کا قتل شامل ہیں۔ یہ وہ واقعات ہیں جنہوں نے ان کی ذاتی زندگی کو یکسر تبدیل کر دیا اور بالآخر انہیں سیاست میں قدم رکھنے پر مجبور کیا۔
اُنہوں نے لکھا کہ میں اپنے خاندان کے افراد کو ایک عام انسان کی حیثیت سے پیش کرنا چاہتی ہوں، جن کی اپنی خواہشات، جدوجہد، کمزوریاں اور جذبات تھے۔
سونیا گاندھی نے لکھا کہ میرے خاندان کے بارے میں بہت کچھ لکھا گیا لیکن اکثر ان کی شخصیت، محرکات اور انسانی پہلوؤں کو حقیقی معنوں میں نہیں سمجھا گیا۔
اس کتاب میں بھارت کی سیاسی تاریخ کے اہم واقعات کا ذکر بھی موجود ہے، ان میں 2004ء کے عام انتخابات میں کانگریس اتحاد کی کامیابی اور سونیا گاندھی کا وزارت عظمیٰ کا منصب قبول کرنے سے انکار بھی شامل ہے۔
سونیا گاندھی نے لکھا کہ میں نے اپنی زندگی کے 5 عشروں سے زیادہ عرصے میں بھارت کو بدلتے ہوئے دیکھا، ابتداء میں وہ اس تبدیلی کو ایک عام شہری کی حیثیت سے دیکھ رہی تھیں، لیکن بعد میں ملک کی سیاسی اور سماجی زندگی کے مرکز میں آگئیں۔
واضح رہے کہ سونیا گاندھی کی سوانح حیات’بلونگنگ: اے جرنی آف لوو‘ بھارت میں 10 نومبر 2026ء کو شائع ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ