ممکنہ امریکی صدارتی امیدوار کرس وان ہولن کا پاکستان سے کیا تعلق ہے؟

امریکی سینیٹر کرسٹوفر وان ہولن — فائل فوٹو
امریکی سینیٹر کرسٹوفر وان ہولن نے 2028ء میں امریکا کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات ظاہر کر دیے ہیں۔
کرس وان ہولن کا امریکی ریاست میری لینڈ سے تعلق ہے، تاہم ان کی پیدائش پاکستان کے شہر کراچی میں ہوئی تھی، جسے وہ پاکستان کے ساتھ اپنا خصوصی تعلق قرار دیتے ہیں۔
ڈیموکریٹ رہنما 10 جنوری 1959ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کے والد امریکی سفارتی سروس سے منسلک تھے اور اس وقت پاکستان میں تعینات تھے۔
امریکی سینیٹر کا اسرائیل کو 2.8 ارب ڈالرز کے ہتھیاروں کی منتقلی روکنے کا عزم
کرس وان ہولن نے گزشتہ سال پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کراچی میں پیدا ہونے کی وجہ سے میرا پاکستان سے ایک خاص تعلق ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے زندگی میں پاکستانی عوام کی سخاوت، خلوص اور عزم کو قریب سے محسوس کیا ہے۔
کرس وان ہولن نے یہ بھی کہا کہ میں امریکا اور پاکستان کے عوام کے درمیان مضبوط روابط اور دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہوں۔
2028ء کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ
ڈیموکریٹ رہنما نے حال ہی میں امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت کے منصب کا خواہاں نہیں بلکہ 2028ء کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات پر غور کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں صدارتی انتخاب کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہا ہوں۔
پاکستان کے ساتھ تعلقات میں اہم کردار
کرس وان ہولن ماضی میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے حوالے سے مختلف معاملات پر اپنا مؤقف پیش کرتے رہے ہیں۔
پاکستان پر انگلیاں نہ اٹھائی جائیں، کرس وان ہولن
انہوں نے2021ء میں افغانستان سے امریکی شہریوں اور دیگر افراد کے انخلاء میں پاکستان کے تعاون پر اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا تھا۔
2022ء میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد ڈیموکریٹ رہنما نے اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امریکی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے فروری 2024ء میں پاکستان میں عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی اور انتخابی مداخلت کے الزامات کی مکمل تحقیقات پر بھی زور دیا تھا۔
کیا کراچی میں پیدا ہونے والا امریکی صدر بن سکتا ہے؟
امریکی آئین کے مطابق صدر بننے کے لیے امیدوار کا امریکی شہری ہونا پیدائش کے وقت سے ضروری ہے، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ امیدوار کی کم از کم 35 سال عمر اور امریکا میں 14 سال رہائش کی شرط بھی ہے۔
اب چونکہ کرس وان ہولن ایک امریکی سفارتکار کے بیٹے ہیں اور ان کی پیدائش کراچی میں ہوئی ہے، اس لیے ان کی صدارتی اہلیت کا تعلق اس بات سے ہے کہ وہ پیدائش کے وقت امریکی شہری تھے یا نہیں۔ ان کی پیدائش بیرونِ ملک ہونا بذاتِ خود نااہلی کی وجہ نہیں بنتا۔
2028 کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ رہنما کی ممکنہ شرکت امریکی سیاست میں ایک نئی بحث کو جنم دے سکتی ہے، جب کہ پاکستان کے ساتھ ان کے خصوصی تعلق کو بھی توجہ حاصل ہونے کا امکان ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ