34 سالہ سیاسی زندگی میں مجھ پر کرپشن کا کوئی مقدمہ نہیں: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 34 سالہ سیاسی زندگی میں مجھ پر کرپشن کا کوئی مقدمہ نہیں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ احتساب کے ادارے احتساب نہیں، انتقامی کارروائیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 34 سال کی سیاسی زندگی میں اُن پر کرپشن کا کوئی مقدمہ نہیں ہوا، لوگوں کےخلاف مقدمات چلے، سزائیں ہوئیں، لیکن وفاداری کی تبدیلی کے بعد سب کچھ دھل جاتا ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ حکمرانوں سے کوئی نہیں پوچھتا کہ 10، 20 سال میں لاکھوں ایکڑ اراضی کے مالک کیسے بن گئے؟ سیاست میں آئے اور آج پورے ملک کے بڑے سرمایہ کار بن گئے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اپنے اقدامات سے خود اپنے خلاف نفرت پیدا کر رہی ہے،ملک میں ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے جیسے ہم بڑے بدعنوان لوگ ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اُن کردار کشی کے لیے نوٹس اچھالے جا رہے ہیں، قوم کو اعتماد میں لیے بغیر صوبوں کے حقوق اور وسائل پر فیصلے قبول نہیں کریں گے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ