یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد بڑھا دی گئی

رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے۔ فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد بڑھا دی۔ لون اسکیموں پر قرضوں کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی، یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں پر ذاتی قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔
رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے۔
لاہور میں وزیراعظم کی زیرصدارت وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ قرض فراہمی کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں اور نوجوانوں کے لیےقرض حاصل کرنے کی عمر کی حد 21 سے کم کرکے 18 سال کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سمیڈا نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، کاروباری مشاورت سمیت تکنیکی معاونت فراہم کرے، نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا گیا ہے، اس دوران 313.9 ارب روپے کے قرضہ جات دیے جا چکے ہیں، 27-2026 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو 292 ارب قرضہ دینے کا تخمینہ ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ