پاکستان نے تیل کے ذخائر کے بغیر فی کس حقیقی آمدنی میں 5.4 گنا اضافہ کیا: چیئرمین ایف بی آر

راشد لنگڑیال : فائل فوٹو
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تیل کے ذخائر کے بغیر فی کس حقیقی آمدنی میں 5.4 گنا اضافہ کیا، پاکستان میں فی کس حقیقی آمدنی کا اضافہ عالمی اوسط سے زیادہ رہا۔
اپنے بیان میں راشد لنگڑیال نے کہا کہ پاکستان کو ناکام ریاست قرار دینے والے 75 سال کا ریکارڈ دیکھیں۔ پاکستان کو مشرق میں بھارت اور مغرب میں افغانستان جیسے چیلنجز کا سامنا رہا، پاکستان 75 برس میں دنیا کی سب سے زیادہ لچکدار ریاستوں میں شامل رہا۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی بڑھ کر 25 کروڑ 90 لاکھ ہو چکی، 1950 میں پاکستان کی آبادی 3 کروڑ 60 لاکھ تھی، پاکستان کی آبادی میں اضافہ عالمی اوسط سے کہیں زیادہ رہا، مشکل علاقائی حالات کے باوجود پاکستان نے ترقی کا سفر جاری رکھا۔
راشد لنگڑیال نے کہا کہ بھارت کی آبادی پاکستان سے تقریباً 6 گنا زیادہ ہے، بھارت کی معیشت پاکستان سے 9 گنا بڑی ہے۔ افغان جنگ اور لاکھوں مہاجرین کا بوجھ پاکستان نے برداشت کیا، تیزی سے آبادی بڑھنے والے کئی ممالک خانہ جنگی کا شکار ہوئے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ