برطانوی نوجوان نے ایک میل دوڑتے ہوئے ریوبک کیوب کے 4 پزل حل کردیے

تصویر سوشل میڈیا۔
برطانیہ کے ایک نوجوان نے دوڑنے اور معمے حل کرنے کی مہارت کو یکجا کرتے ہوئے صرف 5 منٹ سے کچھ زیادہ وقت میں ایک میل دوڑتے ہوئے ریوبک کیوب کے چار پزل حل کر لیے۔
جارج شولے نے 12 اکتوبر کو یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی اور 5 منٹ 9.25 سیکنڈ میں چار ریوبک کیوب حل کرنے کے ساتھ ایک میل کی دوڑ مکمل کرکے تیز ترین وقت میں پزل کیوب میل مکمل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل بھی جارج شولے کئی ریکارڈز قائم کر چکے ہیں، جن میں اسکیٹ بورڈ پر 500 گھومنے والے پزل کیوب حل کرنے، 24 گھنٹوں میں 6 ہزار 931 پزل کیوب حل کرنے اور میراتھن دوڑتے ہوئے 520 پزل کیوب حل کرنے کے ریکارڈ شامل ہیں۔
تاہم میراتھن کے دوران پزل کیوب حل کرنے کا ان کا ریکارڈ بعد میں اسپین کے رنر توتی موراغاس پاردیل نے توڑ دیا، جنہوں نے دوڑ کے دوران 561 کیوب حل کیے۔
جارج شولے کے تازہ ترین ریکارڈ کے لیے ضروری تھا کہ وہ پہلے ایک ریوبک کیوب حل کریں، پھر ایتھلیٹکس ٹریک کا ایک چکر لگائیں اور اسی عمل کو دہراتے ہوئے چار کیوب حل کرنے کے ساتھ ایک میل کی دوڑ بھی مکمل کریں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ