ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نیتن یاہو کی وزارتِ عظمیٰ کیلئے حریف گادی آئزن کوٹ کیساتھ شراکت داری پر آمادگی کا امکان

تازہ ترین
نیتن یاہو کی وزارتِ عظمیٰ کیلئے حریف گادی آئزن کوٹ کیساتھ شراکت داری پر آمادگی کا امکان

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور اپوزیشن رہنما گادی آئرن کوٹ—فائل فوٹوز

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے نئی حکومت کی تشکیل دینے کے لیے انوکھی حکمتِ عملی تیار کر لی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نئی حکومت کی تشکیل کے لیے یاشر پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کو باری باری وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کی پیشکش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، جس کے تحت نیتن یاہو خود دوسرے وزیرِ اعظم کے طور پر خدمات انجام دینے پر آمادہ ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر کے عہدیداروں نے جمعے کو چینل 13 نیوز کو بتایا کہ نیتن یاہو کے قریبی حلقے میں اس اقدام کے حوالے سے مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔

اسرائیل میں حکومت سازی کیلئے نیتن یاہو و گادی آئزن کوٹ کی جماعتوں میں اتفاق نہ ہو سکا

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ پیشکش غیر رسمی ذرائع کے ذریعے پہنچائے جانے کا امکان ہے، تاکہ لیکوڈ پارٹی بظاہر اس معاملے سے لاتعلقی ظاہر کر سکے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گادی آئزن کوٹ نیتن یاہو کی تجاویز پر شکوک و شبہات رکھتے ہیں اور آئندہ ہفتے نئی حکومت کی حلف برداری کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

یسرائیل بیتینو کے سربراہ اویگدور لیبرمین نے خبردار کیا ہے کہ نیتن یاہو کی یہ پیشکش ایک اور انتخابات کی راہ ہموار کرنے کی چال ہو سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئزن کوٹ نے اپنے اتحادی رہنماؤں، ڈیموکریٹس پارٹی کے سربراہ یائر گولان اور اویگدور لیبرمین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی منظوری کے بغیر لیکوڈ کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت تشکیل نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں نے یاشر کے ساتھ اتحادی معاہدوں پر دستخط کر رکھے ہیں اور نیتن یاہو کی قیادت میں کسی بھی حکومت میں شمولیت کو مسترد کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گادی آئزن کوٹ کے پاس نئی حکومت سازی کے لیے 6 دسمبر تک کا وقت ہے، آئندہ ہفتے حکومت سازی کی آئینی مدت ختم ہونے والی ہے، جس سے قبل انہیں حکومت کی تشکیل کے لیے حلف اٹھانا ہو گا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ