جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

نئی جنگ کی صورت میں یورپ پر حملہ ہوگا، تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک جائے گی، ایران کی دھمکی

تازہ ترین
نئی جنگ کی صورت میں یورپ پر حملہ ہوگا، تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک جائے گی، ایران کی دھمکی

فوٹو: ایرانی میڈیا

ایران نے نئے امریکی و اسرائیلی حملوں کے جواب میں یورپ پر حملوں کی دھمکی دے دی، جبکہ جنگ کی صورت میں تیل 150 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرنے کا امکان بھی ظاہر کردیا۔

ایرانی رکن پارلیمنٹ حسین علی حاجی دلیگانی نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف نئی جنگ مسلط کیے جانے کی صورت میں ایران کے جوابی میزائل حملے یورپ تک پہنچ سکتے ہیں، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔

ایرانی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ ایران کا ردعمل دشمن کے حملے کے حجم یا مقام تک محدود اور متناسب نہیں ہوگا بلکہ یہ وسیع، شدید اور تزویراتی نوعیت کا ہوگا، جس کے لیے جغرافیائی حدود کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

دوبارہ امریکی جارحیت پر ایرانی جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور بڑے پیمانے پر ہوگا: مجتبیٰ خامنہ ای

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کسی بھی تخریبی کارروائی یا فوجی جارحیت کا جواب دیا جائے گا اور ایرانی میزائل یورپ میں موجود اہداف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کے بقول ایسی کشیدگی عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل سے اوپر لے جا سکتی ہے۔

ایرانی رکن پارلیمنٹ نے ایرانی مسلح افواج اور فوجی کمانڈروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران اپنے مخالفین میں خوف، شکوک اور اختلافات پیدا کرنے میں کامیاب رہا ہے اور ملک پر تیسری جنگ مسلط کرنے کی کوششیں ناکام بنا چکا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے جون 2025 میں ایران کے خلاف پہلی فوجی کارروائی کی تھی جو 12 روز جاری رہی، جبکہ دوسری جنگ 28 فروری کو شروع ہوئی اور 40 روز بعد اپریل کے شروع میں رک گئی۔ ایرانی مؤقف کے مطابق دونوں مواقع پر ایران کی مزاحمت اور جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں جنگ بندی ہوئی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ