جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، مشتبہ انسانی اسمگلر گرفتار

تازہ ترین
کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، مشتبہ انسانی اسمگلر گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرکے مشتبہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

کراچی سے ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار مسافر آذر بخاری دبئی کے راستے باکو روانہ ہو رہا تھا، ملزم مختلف افراد کو یورپ، کینیڈا اور باکو بھجوانے کے معاملات طے کر رہا تھا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اٹلی بھجوانے کے لیے 40 سے 45 لاکھ اور کینیڈا کے لیے 98 لاکھ روپے کی ڈیل کے شواہد سامنے آئے۔ اسپین بھجوانے کے لیے 50 لاکھ روپے تک کی رقم کے معاملات بھی واٹس ایپ چیٹس میں سامنے آئے۔

ترجمان کے مطابق سیرالیون سے یورپ پہنچنے کے مبینہ غیر قانونی روٹ کا ہاتھ سے تیار کردہ نقشہ بھی برآمد ہوا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مشتبہ انسانی اسمگلر کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ