جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ملائیشیا کیخلاف میچ برابر، پاکستان اذلان شاہ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا

تازہ ترین
ملائیشیا کیخلاف میچ برابر، پاکستان اذلان شاہ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا

فوٹو: سوشل میڈیا

سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ 2026 کے پانچویں راؤنڈ رابن میچ میں پاکستان اور میزبان ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیا اعصاب شکن اور سنسنی خیز مقابلہ 5-5 گول سے برابر رہا جس کے باعث قومی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔

میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا اور تیسرے ہی منٹ میں ملائیشیا کے عزرائی ایزاد نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ تاہم قومی ٹیم نے زبردست کم بیک کیا اور احمد ندیم نے 13ویں اور 15ویں منٹ میں پے در پے دو فیلڈ گول اسکور کر کے پاکستان کو 1-2 سے آگے کر دیا۔ 20ویں منٹ میں مرہان جلیل نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

تیسرے کوارٹر کے آغاز پر 32ویں منٹ میں محمد عماد نے فیلڈ گول کے ذریعے پاکستان کو ایک بار پھر برتری دلائی، جبکہ 48ویں منٹ میں حنان شاہد کے فیلڈ گول نے پاکستان کی پوزیشن 2-4 سے مستحکم کر دی۔

آخری لمحات میں ملائیشیا کے تجربہ کار کھلاڑی فیصل ساری نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 50ویں منٹ میں پینلٹی کارنر اور اسی منٹ میں فیلڈ گول کر کے مقابلہ 4-4 سے برابر کر دیا۔

میچ کے 57ویں منٹ میں صفیان خان نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے پاکستان کو 4-5 کی برتری دلائی، تاہم ایک منٹ بعد ہی فیصل ساری نے پینلٹی اسٹروک پر گول اسکور کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور میچ 5-5 سے برابر کر دیا، جو فُل ٹائم تک برقرار رہا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کو ایونٹ میں فائنل تک رسائی کیلئے میچ میں جیت لازمی تھی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ