جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

کھڑکی سے ٹیک لگا کر بیٹھی خاتون ساتویں منزل سے گر کر ہلاک، ویڈیو سامنے آ گئی

تازہ ترین
کھڑکی سے ٹیک لگا کر بیٹھی خاتون ساتویں منزل سے گر کر ہلاک، ویڈیو سامنے آ گئی

برازیل میں ایک ہولناک حادثے میں دو بچوں کی 26 سالہ ماں ہوٹل کی ساتویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت متوفیہ کا دوست ہوٹل کی راہداری میں اس کے ساتھ ہی موجود تھا۔ ریناٹا اور اس کا دوست کمرے کی چابی تلاش کرتے ہوئے راہداری میں موجود تھے۔

سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسی دوران ریناٹا راہداری کی کھڑکی کے کنارے پر بیٹھی اور ایلومینیم کے فریم سے ٹیک لگالی۔ فریم اچانک نکل گیا، جس سے وہ ساتویں منزل سے سیدھی ہوٹل کے مرکزی دروازے کی چھت پر جا گری۔

سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھڑکی کا فریم ٹوٹنے سے خاتون نیچے گر گئی، جبکہ اس کا دوست کچھ دیر کے لیے ششدر کھڑا رہا، بعد میں ہوٹل عملے نے پہنچ کر ٹوٹے ہوئے فریم کو دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا اور خاتون کو دھکا نہیں دیا گیا، کیونکہ اس کا دوست واقعے کے وقت اس سے دور تھا، تاہم دونوں افراد مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے۔

ہوٹل انتظامیہ نے افسوسناک حادثے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ