کیش لیس معیشت کا فروغ اہم ترین ترجیح ہے، وزیراعظم

ویڈیو گریب۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہے، کیش لیس معیشت کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم کی زیرِصدارت ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزارتِ خزانہ اور متعلقہ ریاستی اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، وزیراعظم نے حکام کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے لیے لائحہ عمل اور اہداف پیش کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو درپیش مسائل حل کیے جائیں، کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے انٹرنیٹ کی فراہمی اور ٹیکنالوجی تک رسائی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے وزارتوں اور سرکاری اداروں کو کیش لیس اکانومی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کی ڈیجیٹائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے، بیشتر اداروں میں دسمبر 2026 تک تمام ادائیگیاں مکمل ڈیجیٹائز ہو جائیں گی۔
بریفنگ کے مطابق بی آئی ایس پی کی 100 فیصد ادائیگیاں بذریعہ ڈیجیٹل والٹ کی جا رہی ہیں، انٹرنیٹ کی عدم موجودگی میں ڈیجیٹل ادائیگی کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ انٹرنیٹ فراہمی کے لیے انفرااسٹرکچر کے قیام کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ