پاک برطانیہ انسدادِ دہشتگردی سمیت سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

برطانوی وزیرِ مملکت برائے سیکیورٹی ڈین جاروس وزارتِ داخلہ پہنچے جہاں انہوں نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت طلال چوہدری سے ملاقات کی۔
محسن نقوی اور ڈین جاروس کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جن میں انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات اور تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے مطابق گزشتہ چند سال کے دوران برطانیہ اسمگل کی جانے والی منشیات کے 330 کیسز ناکام بنائے گئے۔
ڈین جاروس نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارکردگی کو سراہا۔
برطانوی وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم کی مؤثر روک تھام کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
پاکستان اور برطانیہ نے انسدادِ منشیات کے حوالے سے جلد مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے کا بھی فیصلہ کیا۔
دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان قائم ورکنگ گروپ کا اجلاس بھی جَلد بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ