بلاول بھٹو کے گھر ٹینکر سے پانی آتا ہے تو بتائیں آپ کی حکومت 18 سال سے کیا کر رہی ہے، حافظ نعیم

حافظ نعیم الرحمان: فوٹو ایکس
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں آنے والے ریونیو کا 76 فیصد کراچی کو ملنا چاہیے مگر صرف 19 فیصد مل رہا ہے، اگر بلاول بھٹو کے گھر پانی ٹینکر سے آتا ہے تو وہ بتائیں کہ آپ کی حکومت 18 سال سے سندھ میں کیا کر رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سوا کوئی کراچی کی تعمیر و ترقی نہیں کر سکتا، ہمارے 9 ٹاؤنز چیئرمین عوام کے احتساب کیلئے حاضر ہیں۔
جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کی تین سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔
کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے جماعت اسلامی کے ٹاونز چیئرمینز کی تین سال کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ بدحال کراچی میں جماعت اسلامی کے نو ٹاؤنز ترقیاتی کاموں کے جزیرے ہیں، 234 اجڑے پارکوں کو آباد کیا ہے، 73 سرکاری اسکولوں کو نئی تعمیرات کے ساتھ بحال کیا ہے، اساتذہ کے معیار کو بھی بہتر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاونز میں شہری پرائیوٹ اسکولوں سے نکال کر اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کروا رہے ہیں، 42 پلے گراؤنڈ بنائے ہیں اور 29 ڈسپنسریوں کو بحال کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم کا کہنا تھا نعمت اللہ خان کے بعد کراچی کو پانی کی فراہمی کا کوئی منصوبہ نہیں بنا، اگر بلاول بھٹو کے گھر ٹینکر سے پانی آتا ہے تو بتائیں آپ کی حکومت 18 سال سے کیا کر رہی ہے۔ ریڈ لائن نے شہر کو تباہ کر دیا، اس کا ڈیزائن ہی غلط ہے۔ بن بھی گئی تو مسلئہ حل نہیں ہو گا۔
انھوں نے کہا پیٹرولیم لیوی کم کرنے کے حکومتی وعدے کا انتظار کر رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ