تھرپارکر ایمبولینس دھماکا، تحقیقاتی رپورٹ پر حکومت کا عدم اطمینان، دوبارہ انکوائری کا حکم

فوٹو: اسکرین گریب
حکومت سندھ نے تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندل میں ہوئے ایمبولینس دھماکے کی تحقیقاتی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ انکوائری کا حکم دے دیا۔
ڈانو دھاندل ایمبولینس دھماکے کی تحقیقاتی رپورٹ سندھ حکومت کو ارسال کردی گئی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تحقیقاتی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے واقعے کی دوبارہ انکوائری کا حکم دے دیا جبکہ کمشنر میرپور خاص کی سربراہی میں 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی۔
چیف سیکریٹری نے نئی کمیٹی کو 72 گھنٹوں میں دوبارہ تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی ہیلتھ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی واقعہ کی حتمی وجہ کا تعین نہ کرسکی تھی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ایمبولنس میں سلینڈر منتقلی کے دوران دھماکے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ