بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

امریکی شہری نے ربڑ بینڈز سے 5251 کلوگرام وزنی دنیا کی سب سے بڑی بال تیار کرلی

تازہ ترین
امریکی شہری نے ربڑ بینڈز سے 5251 کلوگرام وزنی دنیا کی سب سے بڑی بال تیار کرلی

تصویر سوشل میڈیا۔

امریکی شہری نے 10 سال سے زائد عرصے تک محنت کرکے ربڑ بینڈز سے 11 ہزار 578 پاؤنڈ (5251 اعشار 6 کلوگرام) وزنی گیند تیار کرلی، جس کی اب دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال کے طور پر سرٹیفکیشن کر دی گئی ہے۔

کلاڈ پی مور نامی شخص نے بتایا کہ انہوں نے خون کی بیماری ہیموفیلیا کے معائنے کے لیے ڈاکٹروں کے پاس بار بار جانے کے دوران ربڑ بینڈز کی چھوٹی گیندیں بنانا شروع کی تھیں۔ 2015 میں ان کے کچھ ساتھیوں نے انہیں ایک بہت بڑی ربڑ بینڈ بال بنانے کا چیلنج دیا۔

وقت گزرنے کے ساتھ یہ گیند اتنی بڑی ہوگئی کہ اسے ان کے گیراج میں رکھنا ممکن نہ رہا، جس کے باعث انہیں اسے ایک مخصوص اسٹوریج یونٹ میں منتقل کرنا پڑا۔

اس سال اگست میں انہوں نے درجنوں مددگاروں کے ساتھ مل کر اس گیند کو اسٹوریج یونٹ سے باہر نکالا اور کرین کی مدد سے اٹھا کر بیلے آئل (ڈیٹرائٹ ریاست مشی گن میں واقع ایک جزیرہ) لے جایا گیا، جہاں اس کا باضابطہ وزن کیا گیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایک نمائندے نے وزن کرنے کی تقریب کا مشاہدہ کیا اور تصدیق کی کہ 11 ہزار 578 پاؤنڈ وزنی یہ ربڑ بینڈ بال دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ