روس کے حملوں سے پریشان یوکرین کو امریکی میزائلز کا انتظار، 60 میزائلز کی منظوری رک گئی

یوکرین کو روسی میزائل اور ڈرون حملوں سے بچاؤ کے لیے پیٹریاٹ فضائی دفاعی میزائلز کی فراہمی امریکی منظوری نہ ملنے کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق امریکا کے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے تقریباً 60 فضائی دفاعی میزائلز کی منتقلی کی تاحال منظوری نہیں دی، حالانکہ یوکرین متعدد بار فوری فراہمی کی درخواست کر چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان میزائلز میں امریکی ساختہ پی اے سی 3 اور پی اے سی 2 میزائلز شامل ہیں جن میں سے بعض یورپی ممالک کے ذخائر میں موجود ہیں، ان کی خریداری کے اخراجات یوکرین کے مغربی اتحادی برداشت کر رہے ہیں۔
یوکرین نے اپنے اتحادیوں سے میزائلز کی فراہمی کے علاوہ خود پیٹریاٹ میزائل تیار کرنے کی اجازت بھی مانگی ہے تاہم اس درخواست پر بھی امریکی منظوری تاحال تاخیر کا شکار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی اے سی 3 میزائلز کی منتقلی ستمبر سے دسمبر کے دوران طے تھی لیکن اب تک کسی کھیپ کی منظوری نہیں دی گئی۔
یوکرین کو ٹام ہاک کروز میزائلوں کی فراہمی پر اعتراض ہے: روس
دوسری جانب امریکی محکمۂ دفاع کے ترجمان نے یوکرین کی حمایت سے متعلق پالیسی میں تبدیلی نہ ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا، یورپی اتحادیوں اور یوکرین کے ساتھ مل کر پیٹریاٹ دفاعی نظام کی تیاری اور صنعتی تعاون تیز کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے یوکرین کو 500 پیٹریاٹ پی اے سی 3 میزائل فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔
اس معاہدے کی مالیت تقریباً 2.1 ارب ڈالر ہے تاہم ان میزائلز کی ترسیل 2030ء کی دہائی کے آغاز سے پہلے متوقع نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ