جینسن ہوانگ کی اینویڈیا میں واپسی کے بعد ملازمین سے معافی، تھراپی لینے کا بھی انکشاف

اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ — فائل فوٹو
دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ نے عہدے پر واپسی کے بعد ملازمین سے معافی مانگی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ نے منگل کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا کلارا میں کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں ملازمین کے ساتھ تقریباً 1 گھنٹے طویل اجلاس کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مجھ سے سنگین غلطیاں ہوئیں اور میں نے اپنے خاندان سمیت کمپنی کے ملازمین کو بھی تکلیف پہنچائی۔
اینویڈیا کے سربراہ نے کہا کہ کمپنی کے جس ضابطہ اخلاق کی تشکیل میں خود کردار ادا کیا، اس کی خلاف ورزی کسی صورت قابلِ قبول نہیں تھی۔
جینسن ہوانگ کی بحالی پر امریکا میں سیاسی بھونچال، ٹرمپ کو اربوں کا فائدہ
اُنہوں نے انکشاف کیا کہ میں اپنی غلطیوں کی اصلاح کے لیے روزانہ تھراپی بھی لے رہا ہوں۔
جینسن ہوانگ نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ پر کمپنی کے بورڈ نے انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کیا۔
واضح رہے کہ جینسن ہوانگ نے 12 نومبر کو غیر ازدواجی تعلقات کی خبریں سامنے آنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ان تعلقات میں ایک ایسی خاتون کا نام بھی سامنے آیا تھا جس پر چینی انٹیلیجنس سے مبینہ روابط کا شبہ ظاہر کیا گیا۔
بعد ازاں 23 نومبر کو کمپنی کے بورڈ نے متفقہ طور پر انہیں دوبارہ سی ای او مقرر کر دیا۔
کمپنی کے مطابق امریکی حکام سے حاصل ہونے والی معلومات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان کی واپسی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ