بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

بائنانس میں 6.3 ارب ڈالرز کی چوری، ہیکرز نے جعلی نوکری کے انٹرویوز کا سہارا لیا

تازہ ترین
بائنانس میں 6.3 ارب ڈالرز کی چوری، ہیکرز نے جعلی نوکری کے انٹرویوز کا سہارا لیا

کرپٹو کرنسی کے بڑے تجارتی مرکز بائنانس میں 6.3 ارب ڈالرز کی چوری کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

کمپنی نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ہیکرز نے جعلی ملازمت کے انٹرویوز اور اشتہارات میں چھپے نقصان دہ سافٹ ویئر کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی کی۔

رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے 2 سافٹ ویئر انجینئرز کو جعلی ملازمت کے انٹرویوز کے ذریعے نشانہ بنا کر ان کے کمپیوٹرز تک رسائی حاصل کی جس کے بعد تیسرے انجینئر کے کمپیوٹر کو استعمال کرتے ہوئے رقم چوری کی گئی، مبینہ طور پر شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے کئی ماہ تک کمپنی کے انجینئرز کو دھوکا دینے کے لیے منظم جال بچھایا۔

شمالی کوریا نے بائنانس سے 6.3 ارب ڈالرز کی چوری میں ملوث ہونے کے ایف بی آئی کے الزام کو مسترد کر دیا

بائنانس کے مطابق 2026ء میں اس کی سیکیورٹی ٹیم نے شمالی کوریا سے مبینہ طور پر منسلک 57 سائبر حملوں کو ناکام بنایا، ان حملوں میں جعلی انٹرویوز، ڈیولپمنٹ ٹولز کے بھیس میں نقصان دہ سافٹ ویئر، تبدیل شدہ سافٹ ویئر پیکجز، براؤزر ایکسٹینشنز اور جعلی ویڈیو کانفرنسنگ سافٹ ویئر استعمال کیے گئے۔

رپورٹ میں امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی تازہ معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے حملے کا ذمے دار شمالی کوریا کو قرار دیا گیا ہے تاہم پیانگ یانگ اس الزام کو مسترد کر چکا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک تقریباً 2 ارب 85 کروڑ ڈالرز کے اثاثے منجمد کیے گئے یا روک لیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ ٹوکنز میں سے 98 فیصد کی مالیت کمپنی اپنے فنڈز سے پوری کر چکی ہے۔

بائنانس نے واضح کیا ہے کہ سائبر حملے کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ