بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

90 سالہ باڈی بلڈر نے فٹنس کے راز بتا دیے

تازہ ترین
90 سالہ باڈی بلڈر نے فٹنس کے راز بتا دیے

جاپان کے 90 سالہ باڈی بلڈر توشیسوکے کانازاوا نے عمر کے بڑھنے کے باوجود اپنی جسمانی طاقت اور فٹنس برقرار رکھ کر سب کو حیران کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق توشیسوکے کانازاوا نے حال ہی میں جاپان ماسٹرز باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں 85 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی، جس سے ان کے قومی اعزازات کی تعداد 19 ہو گئی۔

رپورٹ میں بتایا ہے کہ وہ 30 اکتوبر کو اسپین کے شہر سانتا سوسانا میں ہونے والی آئی ایف بی بی ورلڈ فٹنس اینڈ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں بھی شریک ہوئے، جہاں ان کا مقابلہ کئی دہائیاں کم عمر کھلاڑیوں سے تھا۔ اگرچہ وہ پوڈیم پر جگہ نہ بنا سکے، تاہم ان کی شرکت کو غیر معمولی کامیابی قرار دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جاپان کے معمر باڈی بلڈر اپنی صحت اور جسمانی طاقت کا بڑا سبب روایتی جاپانی غذا کو قرار دیتے ہیں، جسے انہوں نے تقریباً 50 سال کی عمر سے اپنانا شروع کیا۔

90 سالہ معمر شہری نے 42 کلو میٹر طویل نیویارک سٹی میراتھون مکمل کر لی

رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ توشیسوکے کانازاوا کی غذا میں براؤن رائس، ناٹو، میسو سوپ اور کچے انڈے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وہ پہلے روزانہ 6 پروٹین شیکس پیتے تھے لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ انہوں نے یہ تعداد کم کر کے 3 کر دی، اب گوشت اور مچھلی کھانا بھی ترک کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ توشیسوکے کانازاوا نے زندگی میں کبھی سگریٹ نوشی یا شراب نوشی نہیں کی۔

وہ اس عمر میں بھی ورزش کرتے ہیں لیکن اب ورزش کرنے کے لیے جم کی مشینوں کو ترجیح دیتے ہیں، تاکہ اپنی جسمانی صلاحیت کے مطابق وزن اور حرکت کو کنٹرول کر سکیں۔

ماہرین بھی بڑی عمر کے افراد کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنی صحت، جسمانی صلاحیت اور طبی حالات کے مطابق ورزش کریں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ہفتے میں کم از کم 2 دن پٹھوں کو مضبوط بنانے والی سرگرمیوں میں حصّہ لینا چاہیے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ