شہزادی ڈیانا کی وفات کے بعد شہزادہ ہیری کی پہلی تعطیلات کی کہانی سامنے آ گئی

لیڈی ڈیانا کی وفات کے بعد شہزادہ ہیری کو اسکول سے پہلی تعطیلات کے دوران افریقی ملک بوٹسوانا کا دورہ کروایا گیا تھا تاکہ شہزادے کی غم سے توجہ ہٹا کر انہیں نئی سرگرمیوں میں مصروف رکھا جا سکے۔
برطانوی شاہی خاندان کے سربراہ اس وقت کے شہزادے اور موجودہ شاہ چارلس نے اس دورے کا انتظام کیا تھا اور اس مقصد کے لیے معروف سیاحتی ماہر جیفری کینٹ سے رابطہ کیا گیا تھا۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 1997ء میں ہونے والے اس دورے کے دوران ہیری نے جنگلی حیات کو قریب سے دیکھا اور مختلف مہم جوئی کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
شہزادہ ہیری لیڈی ڈیانا کا ’ریوینج ڈریس‘ میگھن مارکل کو ملنے کے خواہشمند
جیفری کینٹ نے اپنی 10 نومبر کو شائع ہونے والی کتاب ’دی گریٹسٹ ایڈونچر‘ میں انکشاف کیا ہے کہ بوٹسوانا کے دورے کے دوران ہیری بعض اوقات غمگین دکھائی دیتے تھے تاہم وہ وہاں کے مناظر اور تجربات سے بے حد متاثر ہوئے۔
جیفری کینٹ کے مطابق ہیری کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے دریائی گھوڑوں سمیت جنگلی حیات دکھائی گئی اور پورے دورے میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔
جیفری کینٹ کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ دورہ چند روز پر مشتمل تھا لیکن مجھے یقین ہے کہ اس کے نقوش ہیری کے ذہن میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئے۔
جیفری کینٹ کے مطابق بوٹسوانا سے شہزادہ ہیری کی وابستگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ تقریباً 20 سال بعد ہیری اپنی اہلیہ میگھن مارکل کو بھی اس ملک کی سیر کے لیے لے گئے تھے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ