فیول پرائس ایڈجسمنٹ بڑھنے کا خدشہ، ماہانہ بل میں 6 ہزار سے زائد تک اضافہ ہوسکتا ہے

فائل فوٹو
دسمبر، جنوری اور فروری کی فیول پرائس ایڈجسمنٹ 2 سے 3 گنا بڑھنے کا خدشہ ہے جس سے بجلی صارفین کے ماہانہ بل میں مزید 6 ہزار روپے سے بھی زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
بجلی صارفین کے ماہانہ بل میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 6 ہزار روپے سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ پاور ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا تخمینہ تقریباً اڑھائی روپے فی یونٹ ہے جس پر نیپرا کا فیصلہ آنا باقی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق اس فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو بنیاد بنایا جائے تو دسمبر، جنوی اور فروری میں پن بجلی کی ممکنہ کم پیداوار اور مہنگے فیول سے بجلی پیدا کرنے کے باعث فیول پرائس ایڈجسمنٹ ان 3 ماہ میں 2 سے 3 گنا زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔
جیو نیوز کی تحقیق کے مطابق 100 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے صارف پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ 590 روپے سے 885 روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
ماہانہ 200 یونٹ پر 1180 روپے سے 1770روپے، ماہانہ 300 یونٹ تک 1770 روپے سے 2655 روپے تک جا سکتا ہے۔ ماہانہ 400 یونٹ استعمال پر فیول پرائس ایڈجسمنٹ کا بوجھ 2360 روپے سے 3540 روپے، 500 یونٹ پر 2950 روپے سے 4425 روپے، ماہانہ 600 یونٹ پر 3540 روپے سے 5310 روپے اور 700 یونٹ پر 4130 روپے سے 6195 روپے ہونے کا خدشہ ہے۔
فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا 2 سے 3 گنا اضافی بوجھ بجلی کی قیمت اور ٹیکسوں کے علاوہ ہو گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ