جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

نورین نیازی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے: سلمان اکرم راجہ

تازہ ترین

سلمان اکرم راجہ---فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ نورین نیازی تک اہلِ خانہ کی رسائی یقینی بنانے کی درخواست اور عدالت سے کیس کی سماعت آج ہی کرنے کی استدعا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس عدالتوں کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں، پارٹی کے اندر انتشار پیدا کرنے کے لیے بعض لوگ موقع کی تلاش میں ہیں، میں اپنی جگہ پر کھڑا ہوں اور پارٹی میں نظم و ضبط قائم رکھنے کی کوشش کر رہا ہوں، جو بھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مذاکرات کو جان بوجھ کر ناکام بنایا گیا: سلمان اکرم راجہ

سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ بار کے انتخابات سے متعلق انکوائری کریں گے، پارٹی کی قانونی حیثیت کا معاملہ اس وقت الیکشن کمیشن میں زیرِ التواء ہے اور کمیشن ہماری پارٹی کے کسی عہدیدار کو تسلیم نہیں کرتا۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق کسی رکن کو پارٹی سے نکالنے کے لیے مجاز چیئرمین کے دستخط ضروری ہیں، ہم آج تک اکبر ایس بابر کو بھی پارٹی سے نہیں نکال سکے، کسی کو پارٹی سے نکالنے کی صورت میں وہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے جس سے ایک نیا تنازع کھڑا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات الیکشن کی شفافیت کے حوالے سے ہوں گے تو وہ بے معنی ہوں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ