ملک کے مفاد میں بہتر فیصلہ سامنے آئے گا، طارق فضل

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد مثبت پیشرفت کی امید ہے، ملک کے مفاد میں بہتر فیصلہ سامنے آئے گا۔
طارق فضل چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ ریفرنڈم کا مقصد کسی معاملے پر براہِ راست عوامی رائے معلوم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم آئین میں موجود ایک آئینی اور سیاسی آپشن ہے، کسی متنازع معاملے پر براہِ راست عوام سے پوچھا جاسکتا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں، تاہم کسی رہنما کے بیان سے آئین میں درج ریفرنڈم کا آپشن غیر آئینی نہیں ہو جاتا۔
انہوںنے کہا کہ عوامی رائے سامنے آنے کے بعد اس پر عملدرآمد کا طریقۂ کار طے کیا جا سکتا ہے، انتخابات وقت سے پہلے کرانے کی کوئی وجہ نہیں، موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، انتخابات ضرور اور مقررہ وقت پر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات ریفرنڈم کا متبادل نہیں، دونوں الگ مقاصد رکھتے ہیں، انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ